سفیر پاکستان آفتاب احمد کوکھر کی آسٹرین نیشنل کونسل کے صدر مسٹر وولف گینگ سوبوتکا سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے آج آسٹرین نیشنل کونسل کے صدر مسٹر وولف گینگ سوبوتکا سے ملاقات کی۔ انہوں نے باہمی اہمیت کے تمام امور بشمول افغانستان، جموں و کشمیر کی صورتحال اور تعلیم، تجارت اور پارلیمانی تبادلوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وولف گینگ سوبوتکا نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے ان پر زور دیا کہ وہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ صدر سوبوتکا نے دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان بات چیت کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان سے پارلیمانی وفد وصول کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
افغانستان میں حالیہ پیش رفت پر بات کرتے ہوئے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور خطے کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان نے اپنا مکمل تعاون بڑھایا اور افغانستان سے انخلاء کی کوششوں کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کام کیا۔ مسٹر سوبوتکا نے افغانستان سے آسٹرین شہریوں کے انخلاء میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔
سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا جس سے مہاجرین کی آمد اور دیگر سنگین سکیورٹی چیلنجز پیدا ہوں۔ سفیر آفتاب کھوکھر نے مسٹر سوبوتکا کو غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی بحران اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور زور دیا کہ آسٹریا اور یورپی یونین کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے وولف گینگ سوبوتکا کو اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ آسٹریا کی نیشنل کونسل کے صدر نے دعوت کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے دورے کے کسی بھی موقع سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔