مسئلہ فلسطین و کشمیر پر پارٹی پالیسی سے اختلاف، کونسلرز عرفان احمد، عبد الوحید اور نوید چوہان کا کنزرویٹو پارٹی سے استعفیٰ کا اعلان

0

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) اولڈہم کونسل میں کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی کونسلرز عرفان احمد اور عبد الوحید اور کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار نوید چوہان نے مسئلہ فلسطین و کشمیر پر مرکزی و مقامی سطح پر پارٹی کی پالیسی سے اختلاف رائے رکھتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دیتے ہوئے بحیثیت آزاد کونسلر کمیونٹی کے لیے خدمات دینے کا اعلان کیا ۔

کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات عمران چوہدری ، عمر چوہدری و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔ کونسلر محمد عرفان کا کہنا تھا کہ دوست احباب نے مشورہ دیا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی فلسطین میں جاری جارحیت پر کوئی ٹھوس موقف نہیں اپنا رہی ہے، لہٰذا آپ پارٹی سے استعفی دے کر آزاد حیثیت سے آئندہ لوکل کونسل کے انتخابات میں حصہ لیں میں نے ساتھیوں کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔

کونسلر عبد الوحید کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے کونسلرز کو فلسطین میں جاری جارحیت بارے بیان دینے سے روک رہی ہیں ہم مقامی لوگوں سے تفصیلی مشاورت کرنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ کنزرویٹو پارٹی سے مستعفی ہو کر آزاد حیثیت سے کونسلر کی خدمات انجام دیں ہم نے اپنے ووٹرز کی اکثریت کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا قدم اٹھایاہے۔

کنزرویٹو پارٹی سے کونسلر کے امیدوار نوید چوہان کا کہنا تھا کہ میرے حلقہ انتخاب کی رائے ہے کہ میں کنزرویٹو پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ نہ لوں کیونکہ فلسطین بارے انکی پالیسی مایوس کن ہے ۔

مقامی سیاسی و سماجی شخصیات عمران چوہدری اور عمر شریف کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر نوجوانوں کے اندر برطانیہ کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے فلسطین میں جاری جارحیت اور کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر پارٹی پالیسی واضح نہ ہونے اور اپنے منتخب نمائندوں کو اس بارے کوئیبھی بیان دینے سے روکنے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اسی ردعمل کی وجہ سے ہمارے نمائندوں نے پارٹی وابستگی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے ۔

انکا مذید کہنا تھا کہ یہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ انسانیت پر ہونے والے مظالم سے چشم پوشی نہیں کر سکتے ہم انہیں کمیونٹی کی اہمیت بارے آگاہی دے رہے ہیںبرطانیہ میں بسنے والی مسلمان کمیونٹی کی طرف سے تمام سیاسی جماعتوں کو واضح پیغام دیا گیا کہ عالمی سطح پر انسانیت پر ہونے والے مظالم بارے انکے دوہرے معیار کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!