مئیر کونسلر ڈاکٹر زاہد چوہان کی زیر صدارت اولڈہم کونسل کا اجلاس،مسلمان کمیونٹی کیلئے قبرستان کے اوقات کار رات8بجے تک کھولنے کی منظوری

0

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) اولڈہم کونسل کے سالانہ اجلاس کا انعقاد مئیر کونسلر ڈاکٹر زاہد چوہان کی زیر صدارت کونسل چیمبر میں ہوا ۔ کونسل اراکین نے متفقہ طور پر مسلمان کمیونٹی کے لیے قبرستان کے اوقات کار رات آٹھ بجے تک کھولنے کی منظوری دی ۔ اولڈہم گروپ کے اراکین نے لیڈر کونسلر کامران غفار کی قیادت میں شرکت کی ۔

اولڈہم کونسل کی لیڈر عروج شاہ نے کہا کہ لیبر پارٹی کے خلاف مسلمان کمیونٹی بارے جذبات و احساسات کی غلط ترجمانی کر کے کمیونٹی کے اندر انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی لیکن لیبر پارٹی ہمیشہ ہی اقلیتی برادری کے حقوق کو تحفظ دینے کے لیے کردار ادا کرتی ہے ہم نے مسلمان کمیونٹی کی سہولت کے لیے مردوں کو دفنانے کے اوقات کار تبدیل کر دے اب قبرستان رات آٹھ بجے تک کھلے رہیں گے۔

عروج شاہ نے کہا ہم نے کمیونٹی کی سہولت کے لیے اخراجات بھی مناسب رکھے ہیں ، اولڈہم گروپ کے لیڈر کونسلر کامران غفار نے کہا کہ ہماری پیش کی گئی تحریک کے مطابق فیصلہ نہیں ہوا لیکن پھر بھی مردوں کو دفنانے کے لیے قبرستان رات آٹھ بجے تک کھلنا ہماری کامیابی ہے ۔

نوجوان نو منتخب کونسلر عائشہ نے بھی اسے مسلمان کمیونٹی کی سہولت کے لیے مفید قرار دیا ،ڈپٹی مئیر کونسلر ایڈی موریس نے کہا افراتفری میں کونسل اجلاس کا انعقاد ہوا لیکن بالآخر پیش کی جانے والی تحریکوں کو منظور کر لیا گیا ۔

ڈپٹی لیڈر کونسلر جبار نے کہا کہ خوشی ہے قبرستان کے اوقات کار بارے پیش تحریک منظور ہوئی کمیونٹی کے جو بھی مسائل ہیں وہ ہمیں آگاہ کریں تاکہ ہم انہیں حل کروا سکیں ۔

لیبر پارٹی کے سابق ڈپٹی لیڈر کونسلر شاہد مشتاق نے اجلاس میں تحریک پیش کی اولڈہم کونسل نے قبرستان میں مردوں کو دفنانے کے اوقات کار بڑھا کر مسلمان کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جس پر کمیونٹی اظہار تشکر کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!