ناروے کو جدید اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں پاکستانیوں کا تاریخی کردار ہے، سٹیٹ سیکریٹری برائے امور خارجہ Eivind Vad Petersson

0

ناروے،اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) پاکستان یونین ناروے گذشتہ تین دہائیوں سے اوسلو شہر میں یوم آزادی پاکستان کو جوش و خروش سے مناتی آ رہی ہے جس میں ہر سال بڑی تعداد میں خواتین و حضرات شرکت کرتے ہیں اور پاکستان سے اپنی محبتوں اور عقیدتوں کا اظہار کرتے ہیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم پاکستان کی ایک خوبصورت تقریب منعقد کی گئی جس میں خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں سٹیٹ سیکریٹری برائے امور خارجہ Eivind Vad Petersson، سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی، ممبر قومی اسمبلی ریگ مور آسرود Rigmor Aasrud، ممبر قومی اسمبلی مدثر کپور، ممبر قومی اسمبلی عابد راجہ اور صدر کڈنی سینٹر گجرات میاں محمد اعجاز کے علاوہ کثیر تعداد میں پاکستان سے مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز علامہ محمد اسجد دھکڑ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور عبدالمنان نے نعت رسول ﷺ پیش کی۔اس موقع پر ناروے اور پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

چوہدری قمر اقبال چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے تمام مہمانوں کو یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کرنے پر ویلکم کیا اور انکا شکریہ ادا کیا انہوں نے اس موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کی قائدانہ صلاحتیوں اور ان کے مخلص ساتھیوں کی محنت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

Eivind Vad Petersson نے خطاب کرتے ہوئے ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ناروے آج جس مقام پر کھڑا ہے وہ پاکستانیوں کی شرکت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے اس موقع پر ارشد ندیم کی طرف سے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔

ریگ مور آسرود نے یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور ستر کی دہائی میں آنے والے پاکستانیوں کے کردار کو سراہا کہ کس طرح انہوں نے ایک نئے معاشرے میں خود کو ایڈجسٹ کیا اور ناروے کی معاشرتی اقدار کو اپنایا۔

سعدیہ الطاف قاضی نے نارویجن پاکستانیوں کی پاکستان سے حب الوطنی کو سراہا اور پاکستان اور ناروے کی دوستی کو مستحکم کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مدثر کپور نے خطاب کرتے ہوئے ناروے میں مقیم پاکستانی والدین اور باالخصوص پاکستانی ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ماؤں کے پختہ ارادوں اور کردار کی بدولت نارویجن پاکستان ہر شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

عابد راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ نارویجن پاکستانی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج سے دو سو سال قبل بہتر مستقبل کے لیے 8 لاکھ نارویجنز نے امریکہ ہجرت کی مگر وہ آج بھی ناروے کی اقدار کو نہیں بھولے اوروہ امریکہ میں ناروے کا یوم آزادی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔

میاں محمد اعجاز نے چوہدری قمر اقبال، شیخ طارق محمود، چوہدری زاہد اسلم، میر ناصر اور دیگر کی کڈنی سینٹر گجرات کے لیے فنڈ ریزنگ کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ناروے میں مقیم پاکستانی صحافیوں عقیل قادر، چوہدری ارشد وحید اور ناصر اکبر کی خدمات کو سراہا گیا اور انہیں شیلڈز سے نوازا گیا۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض معروف اینکر شاہ رخ اور صائقہ تبسم نے احسن انداز میں سر انجام دیئے۔ پروگرام کے آخر میں پاکستان کی معروف گلوکارہ نوراں لال نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!