پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر اینڈ ریسرچ سنٹر کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب، فلمسٹار ریشم کی بطور مہمان خصوصی شرکت

0

تقریب میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی

پیرس(رپورٹ:سلطان محمود)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر اینڈ ریسرچ سنٹر کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، پاکستان سے آئیں مشہور فلمسٹار ریشم نے بطور مہمان خصوصی فرائض سر انجام دئیے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے ہوا، ڈاکٹر عاصم نے شرکاء محفل کو شوکت خانم ہسپتال کی بنیاد رکھنے پر تفصیلی آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ لاہور اور پشاور کے بعد کراچی میں بھی شوکت خانم ہسپتال بنایا جارہا ہے جس میں 75 فیصد کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیاجائے گا۔

فرانس میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے جنرل سیکرٹری مشتاق خان جدون نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ شوکت خانم ہسپتال کیلئے دل کھول کر فنڈ دیں تاکہ پاکستان میں ایسے مریض جو علاج کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے انکا مفت علاج کیاجا سکے۔

فلمسٹار ریشم کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کے دل ہمیشہ پاکستان کی محبت میں دھڑکتے ہیں ، خوشی ہوئی کہ نیکی کے کام میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال میں 18 سال سے کم عمر کینسر میں مبتلا بچوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے جبکہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے علاج کیلئے مختلف کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔

کاروباری شخصیت سردار ظہور اقبال نے بھی پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ ہمیں بلا تفریق نیکی کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔

تقریب میں خواتین سمیت اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر عطیات دئیے، میئر سارسل نے بھی فنڈ ریزنگ کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!