معروف شاعر، ادیب، دانشور اور تمغہ امتیاز کے حامل فرحت عباس شاہ اس فورم کے پیٹرن ان چیف ہونگے
فورم کے زیراہتمام بین الاقوامی آن لائن مباحثوں، کانفرنس، اور مکالموں کا اہتمام اور دنیا کے مختلف حصوں سے یو اے ای تشریف لانے والے ادیبوں اور فنکاروں کا خیر مقدم بھی کیا جائیگا
ہر معاشرے میں علم وادب تہذیب و تمدن، ترقی اور ترویج کے فروغ میں اساتذہ کا اہم کردار ہے، نبراس سہیل
دبئی (طاہر منیر طاہر) زیک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ یو اے ای نے تدریسی اور علمی سفر کےساتھ ساتھ گزشتہ دنوں زیک انٹرنیشنل لٹریری اینڈ پرفارمنگ آرٹ فورم کی بنیاد رکھی، اس فورم کے افتتاح کے موقع پر اس فورم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔
فورم کی چیئرپرسن نبراس سہیل نے گفتگو کا آغاز کیا اور اس موقع پر موجود معروف شاعر، ادیب ، دانشور اور تمغہ امتیاز فرحت عباس شاہ کو اس فورم کا پیٹرن ان چیف مقرر کیا جبکہ دیگر عہدیداروں میں معروف مصنفہ صدف مرزا کو بطور صدر فورم خوش آمدید کہا اور اس فورم میں ان کی شمولیت کو خوش آئند کہا،صدف مرزا نے ڈنمارک سے بطور خاص زوم مٹینگ کے ذریعے سب شریک محفل مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہارِ کیا۔
فورم کی چیئرپرسن نبراس سہیل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس فورم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سنجیدہ اور معیاری ادب کے فروغ اور حقیقی ادیب، شعرا ، نثر نگار اور فنکاروں سے استفادہ کرنے اور مکالمے کی فضا قائم کرنے کے لئے ایسے فورم کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی تھی،زیک چونکہ ایک انٹرنیشنل رجسٹرڈ پلیٹ فارم ہے لہٰذا اس کا دائرہ کار نہ صرف یو اے ای بلکہ برصغیر انڈو پاک، یورپ اور دیگر مغربی ممالک تک پھیلا ہو گا۔
اس کے تحت ہم بین الاقوامی آن لائن مباحثوں، کانفرنس، اور مکالموں کا اہتمام کریں گے بلکہ دنیا کے مختلف حصوں سے یو اے ای تشریف لانے والے ادیبوں اور فنکاروں کا خیر مقدم بھی کریں گے۔ فورم کے جنرل سیکرٹری محمد سہیل انجم نے زیک کے علمی اور ادبی سفر اور اس کے منتظمین کی تعریف کی اور زیک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ کے اس ذ یلی فورم میں اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے اس کی ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کے عزم کا اظہار کیا۔
سہیل انجم نے بتایا کہ ہم علم و ادب کے ساتھ ساتھ پرفارمنگ آرٹ میں سکرپٹ رائیٹنگ، پروڈکشن، موسیقی اور اداکاری کے شعبے کے فروغ کے لئے بھی کام کریں گے اور اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ تشکیل دے کر دنیا بھر سے فنکاروں کو بھی شامل کریں گے،دیگر شرکاء میں معروف ادبی شخصیت اعجاز شاھین،براڈ کاسٹنگ کے شعبے سے وابستہ ناعمہ لاشاری، نوجوان گلوکار سمیر عباس اور میڈیا پروڈکشن کے شعبے سے جہاںزیب مغل نے زیک کے ان اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے زیک کے ساتھ اپنے روابط اور خدمات کو پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
نبراس سہیل نے اس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ زیک مستقبل میں نہ صرف ایک منفرد تعلیمی اداروں میں نمایاں ہو گا بلکہ، غیر نصابی پیشہ ورانہ مہارت کے حصول کے لیے دنیا بھر سے اپنے طالب علموں کو خوش آمدید کہے گا،نبراس سہیل بنیادی طور پر معروف علمی شخصیتہیں جو گزشتہ اٹھارہ برس سے دبئی میں مقیم ہیں اور دبئی کے ایک کالج میں بحیثیت لیکچرار انگلش پڑھاتی رہی ہیں، انہوں نے شارجہ میں ایک پاکستانی کالج اور یونیورسٹی کے کیمپس میں بھی تدریسی فرائض سرانجام دیئے ہیں۔
اپنے اسی تعلیمی سفر کے دوران انھوں نے اردو ادب کے لئے، کتاب پرواز کو شارجہ انٹرنیشنل بک فیر 2022 میں متعارف کرایا جبکہ حال ہی میں معروف ادیب فرحت عباس شاہ کی کتاب(اردو کا ادراکی تنقیدی دبستان) کا انگریزی زبان میں ترجمہ بھی کیا۔ یہ کتاب (Perceptionism) کے ٹاَیٹل سے اب دستیاب ہے، ہر معاشرے میں علم وادب تہذیب و تمدن، ترقی اور ترویج کے فروغ میں اساتذہ کا ا ہم کردار ہے، نبراس سہیل اسی عزم کو لئے اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔