اقوام متحدہ (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے لبنان اسرائیل صورتحال کے حوالے سے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو یکجہتی کے ساتھ واضح مطالبہ اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
غزہ میں فوری جنگ بندی کا حصول ضروری ہے، لبنان اسرائیل کشیدگی کو فوری طور پر کم کرتے ہوئے تشدد کے چکر کو روکناضروری ہے۔ جنگ کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ہر ممکن کوشش کرنا ضروری ہے اور متعلقہ تمام فریقوں کو سیاسی اور سفارتی حل کے درست راستے پر واپس لانا ضروری ہے۔
جمعرات کے روز فو چھونگ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے موقف سے اتفاق کرتا ہے، اور اسرائیل کی جانب سے لبنان میں سرحد پار کوئی بھی کارروائی لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی دفعات کی خلاف ورزی ہے ۔
چین تمام فریقوں بالخصوص اسرائیل پر زور دیتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرکے ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو۔ فو چھونگ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی کوئی بھی بیان بازی جو مزید فوجی مہم جوئی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے وہ غلط پیغام بھیجے گی اور اس کے سنگین نتائج پیدا ہوں گے۔ چین کو امید ہے کہ اثر و رسوخ رکھنے والے بڑے ممالک سنجیدہ اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں گے اور صورتحال کے مزید بگاڑ سے بچنے کے لیے تعمیری کردار ادا کریں گے۔