یوتھ فورم ریاض کی جانب سے ادبی تنظیم حلقہء فکروفن کے اعزاز میں عشائیہ

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں یوتھ فورم ریاض کے سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر کی جانب سے ادبی تنظیم حلقہء فکروفن کی تنظیمِ نو کے پرمسرت موقع پر نئے ذمہ داران کے اعزاز میں شاندار عشائیہ دیا گیا جس میں دونوں تنظیموں کے عہدیداروں اور اراکین نے بھرپور شرکت کی جبکہ شعراء کرام نے اپنا کلام سنا کر خوب داد حاصل کی۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں یوتھ فورم کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں تلاوت قرآن پاک و نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد افتتاحی کلمات میں صدر یوتھ فورم ریاض، محمد ابراہیم جٹ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فورم کے تحت منعقد کروائی جانے والی صحت مندانہ سرگرمیوں کا تعارف کروایا۔

یوتھ فورم کے سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر کا کہنا تھا کہ “اردو ادب پوری دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے اور اردو زبان، انسانی جذبات اور احساسات کی بہترین زبان ہے”، سید ثاقب زبیر نے اپنی گفتگو میں حلقہء فکر و فن کے نئے منتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان کو معاشی مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھ کر ایک گرینڈ ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا آپس میں ملنا اور فکر و فن کے مکالمے کرنا معاشرے کو نئی سوچ اور بصیرت عطا کرتا ہے۔”

سید ثاقب زبیر نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کے لئے علم و ادب، ہنر مند اور صحت مند سرگرمیاں انتہائی اہم ہیں۔

وائس چئیرمین حلقہء فکر و فن عدنان اقبال بٹ نے عزت افزائی پر یوتھ فورم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات نوجوانوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں انہوں نے نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے ادبی اور تعمیری سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے حلقہ فکروفن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

صدر حلقہء فکروفن وقار نسیم وامق نے بھی تقریب کے انتظامات کو سراہتے ہوئے نا صرف یوتھ فورم کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا بلکہ امید ظاہر کی کہ دونوں فورمز کے درمیان عزت و احترام کا تعلق مزید مظبوط ہوگا اور کمیونٹی کی بہتری کے لئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی۔اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اردو ادب کی ترویج کے لیے سعودی عرب میں محافل کا انعقاد جاری رہے گا۔

تقریب میں شعری نشست بھی منعقد ہوئی جس میں شعراء فکروفن وقار نسیم وامقٓ، کامران حسانی، طیب رضا کاظمی، قلبِ عباس اور دیگر نے اپنا کلام پیش کیا اور خوب داد سمیٹی۔

تقریب میں یوتھ فورم کی طرف سے سید ثاقب زبیر، رانا عمر فاروق، محمد ابراہیم جٹ، سردار شفیق احمد، عبدالرحمن فیض، معروف صدیقی، مرزا ظفر بیگ، توصیف احمد، سید محسن علی، کامران اشرف اور حمزہ عباس نے میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے جبکہ حلقہء فکروفن کے مرکزی عہدیداران میں سے عدنان اقبال بٹ، قاضی محمد اسحاق میمن، مخدوم امین تاجر، پروفیسر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ، وقار نسیم وامق، ذکاء اللہ محسن، زکیر احمد بھٹی، سید طیب رضا کاظمی، قلبِ عباس، طلحہ ظہیر، کامران حسانی و دیگر نے محفل کو رونق بخشی۔

شرکاء تقریب نے یوتھ فورم کی جانب سے منعقدہ تقریب کی ترتیب اور مقاصد کی تعریف کی اور نوجوانوں کے مستقبل اور شعر و ادب کی ترویج و ترقی کے حوالے سے اپنی آراء کا بھی اظہار کیا۔

حلقہء فکروفن اور یوتھ فورم ریاض کا یہ اقدام دیارِ غیر میں شعر و ادب کی ترویج و ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے مختلف الخیال کمیونٹی فورمز کو ایک دوسرے کے ساتھ مکالمہ، تعاون ، خیرخواہی اور گفت و شنید کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!