ملاقات میں میڈیا کے ذریعے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید اجاگر کرنے پر زور دیا گیا
پاکستان کی سیاحت، ثقافتی ورثے اور فنون لطیفہ کے فروغ کے حوالے سے کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی
دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسین محمد نے دبئی میڈیا آفس کی ڈائریکٹر جنرل مونا جی المری سے ملاقات کی۔
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ اطلاع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں میڈیا کے تعاون کے ذریعے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی روابط کو ظاہر کرنے کے لئے میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی سیاحت، ثقافتی ورثے اور فنون لطیفہ کے فروغ کے حوالے سے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔