ایسوسی ایشن آف کشمیراولڈ سٹو ڈینٹس (AKOS International) کے زیراہتمام عبداللطیف ثانی ایڈووکیٹ کی وفات پر تعزیتی نشست کا انعقاد

0

ووکنگ ، سرے (تحریر:کونسلر محمد الیاس راجہ،ایڈووکیٹ) ایسوسی ایشن آف کشمیر اولڈ سٹو ڈینٹس(AKOS International) کے زیر اہتمام برمنگھم کی آلم راک ہارونیہ مسجد میں گورنمنٹ ڈگری کالج میرپور کے سابق طالبعلم راہنما اور ہردلعزیز سیاسی اور سماجی کارکن علاقہ اندرہل کی باوقار پہچان اور اسلام آباد کے معروف بزنس مین عبداللطیف ثانی ایڈووکیٹ کو خراج تحسین پیش کیے جانے کے لیے مسجد کے مرکزی مین ہا ل میں تعزیتی نشست کا انعقاد ہوا ۔

تعزیتی نشست میں ڈڈلی ، وولورہیمپٹن ، برمنگھم اور سینکڑوں میل دور دراز ووکنگ ۔ سرے ، ریڈنگ اور برطانیہ کے دیگر شہروں سے مرحوم کے سکول کالج اور یونیورسٹی فیلوز دوست احباب اور کولیگز کے علاوہ ان سے محبت و عقیدت رکھنے والے مختلف مکتبہ فکر جن میں برطانیہ اور آزاد کشمیر کے سول سرونٹس ، وکلاء ، سولیسٹرز ، ایجوکیشنلسٹ ، اکائونٹینٹس ، جنرلسٹ ، بزنس کمیونٹی سے متعلقہ لوگ سیاسی اور سماجی کارکنان ،کونسلرز اور کمیونٹی راہنمائوں کے علاوہ بڑی تعداد میں گرد و نواح کے لوگوں کا صرف چوبیس گھنٹے کے نوٹس پر بغرض تعزیت دن بھر آمد و رفت کا تانتا بندھا رہا اور مرحوم کے حسن اخلاق اور ان سے اپنے اپنے تعلق کے تذکرے ہوتے رہے ۔

دوران نشست جن دیگر مرحومین اساتذہ و دوستوں کی یادیں اور تذکرے ہوتے رہے ان میں پروفیسر ملک محمد دین ، پروفیسر خالد نظامی ، پروفیسر مولوی نور صمد ، پروفیسر حسن اختر رانجھا ، پروفیسر عبداللطیف انصاری ، پروفیسر راجہ محمد اسلم ، پروفیسر خواجہ حمید ممتاز اور دیگر مرحوم اساتذہ ، دوستوں میں سے راجہ ممتاز راٹھور ، راجہ فاروق ( پرنس آف چپاتی ) ، جاوید نظامی ، نصرت راجہ ، شوکت خواجہ ، مرزا جاوید ، پروفیسر اسلم خواجہ ، راجہ فاروق بے بی ،طارق ملک ، سید ابوطالب کاظمی اور دیگر مرحوم ساتھیوں اور اساتذہ کرام کے علاوہ حاضرین مسجد کے عزیز و اقارب اور ان کے تمام مرحومین تعلقداران کے لیے اجتماعی مغفرت کی دعا کی گئی ۔

دوران گفتگو مرحومین کی اچھی خوشگوار یادوں کے تذکرے اس لب و لہجہ اور پیراہے میں ہوتے رہے کہ سامعین کی پرنم آنکھوں کو واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا تھا ۔ایسوسی ایشن آف کشمیر اولڈ سٹو ڈینٹس اپنی اخلاقی ، تہذیبی اور ثقافتی درخشاں روایات کی امین وہ تنظیم ہےجو نہ صرف دیار غیر میں اپنے مثبت رسم و رواج کی پاسبان ہے بلکہ وطن عزیز میں بھی اپنے اساتذہ کے قائم کردہ الفلاح فائونڈیشن ٹرسٹ جو غریب، نادار، بیواؤں، یتیموں اور مستحقین کی ادویات کے اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو ایجوکیشنل سکالر شپ سکیم کے تحت مناسب وظائف بھی دے رہے ہیں ،جنکا 95% حصہ ( AKOS International ) ادا کر رہی ہے، دعا گو ہیں کہ اللہ پاک تمام ڈونرز کی عزت و آبرو اور رزق حلال میں مزید رحمتیں اور برکتیں نصیب فرمائے ۔ آمین ۔ جو خواتین و حضرات تاحال ان کے ڈونرز نہیں بن سکے وہ تنظیم کے ساتھ رابطے میں رہیں اور آمدہ رمضان شریف میں ضرور دست تعاون دراز فرمائیں ، اللہ پاک آپ سب کا حامی و ناصر ہو ۔آمیں ثمہ آمین ۔

آخر میں ایک بار پھر اس عظیم شخصیت برادر عبداللطیف ثانی جن کے تعزیتی ریفرنس میں تقریب کے آخری مقرر گورنمنٹ ڈگری کالج میرپور کے پچاس کی دہائی کے ہال میں موجود سینئر ترین سابق طالبعلم اسلم لون نے یوم وفات سے لیکر تعزیتی ریفرنس تک آنے والوں کے خیالات اور دوران ریفرنس مقررین کی گفتگو سماعت کے بعد لب لباب کے طور پر فرمایا کہ میں گزشتہ تین دنوں سے اس مخمصے میں ہوں کے جس شخص کی دیانتدارانہ سیاسی ، سماجی ، اخلاقی ، اصلاحی اور فلاحی کارناموں کی بے شمار مثالوں کو اپنے سامنے رو برو دیکھا جا سکتا ہو اسے ہم مرحوم کیسے کہہ سکتے ہیں ۔

اس میں تو کوئی شک نہیں ہے کہ وہ نظام قدرت کے تحت داعی اجل کو لبیک کہہ چکے ہیں مگر وہ اپنے حسن اخلاق اور فلاحی کاموں کے حوالے سے ہمیشہ زندہ اور ہم میں موجود رہیں گے بلکہ مردہ تو ہم لوگ ہیں جو زندہ و سلامت اور صاحب استطاعت ہوتے ہوئےبھی فلاح انسانیت کے لیے کچھ کر نہیں پا رہے ۔ اللہ پاک لطیف ثانی کی مغفرت بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل اور ہم سب کو ان کی اچھی قابل تقلید مثالوں پہ عمل پیراء ہونے کی توفیق سے نوازے ۔ آمین ثمہ آمین ۔

تقریب کی نظامت کے فرائضتنظیم کے کواڈینیٹر نے ادا کرتے ہوئےسابق طلباء و طالبات کی طرف سے فیس بک اور واٹس ایپ پر سینکڑوں کی تعداد میں پیغامات کے ساتھ ساتھ استاد پروفیسر راجہ آزاد کا لائیو میسیج لواحقین تک پہچانتے ہوئے دور دراز سے آئے ہوئے لوگوں کے لیے انتظام، طعام پہ اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اختتام تقریب پہ حاضرین کو خدا حافظ کہا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!