ناروے میں بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد،مقررین کا شہید رہنما کو زبردست خراج عقیدت

0

اوسلو (عقیل قادر) پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے زیر اہتمام عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 14 برسی کے حوالے سے مقامی پاکستانی ریسٹورنٹ ’’پنجابی مصالہ‘‘ میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے کی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے سینئر راہنما میاں محمد اسلام مہمان خصوصی تھے۔ ۔

تقریب کا آغاز مولانا مفتی زبیر تبسم نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور دیگرشہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ ناروے کی پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں سیاسی و سماجی شخصیات نے پروگرام میں شرکت کر کے پاکستان کی اس عظیم راہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے انفارمیشن سیکرٹری راجہ عاشق حسین نے پرجوش خطاب کیا اور جئے بھٹو کے نعرے لگائے۔

معروف شاعر اور نارویجن کنزرویٹو پارٹی کے راہنما طلعت محمود بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ظالموں نے محترمہ کو شہید کر کے دراصل پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا ہے۔ نارویجن کنزرویٹو پارٹی کے معروف سیاست دان عامر جاوید شیخ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے اپنی ملاقاتوں اور یادوں کو حاضرین سے شیئرکرتے ہوئے کہا اگر وہ آج زندہ ہوتیں تو پاکستان کے یہ حالات نہ ہوتے۔

پاکستان فیملی نیٹ ورک کے بانی صدر نثار بھگت نے کہا کہ مجھے دکھ ہوتا ہے جب پیپلزپارٹی اپنے مخالفین کے منفی پروپیگنڈہ کا جواب نہیں دیتی ۔ نثار بھگت نے تھر میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں اور مکمل ہونے والے کاموں اور سندھ بھر میں بننے والی سڑکوں ،اسکولوں، ہسپتا لوں اور روزگار کے مواقعوں سے آگاہ کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے سینئر نائب صدر چودھری اسمائیل سرور بھٹیاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے اپنے دوستوں رشتہ داروں اور خصوصی طور پر پنجاب کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پی پی پی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کا ساتھ دے کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب میں کامیاب کرائیں۔

معروف سماجی و سیاسی رہنما اطہر علی نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے سیاست میں آئیں مگر انہوں نے اپنی شناخت خود بنائی ، اب ان کا شمار عالمی راہنماؤں میں ہوتا تھا۔

لیفٹ کے معروف دانشور ویثرن فورم ناروے کے صدر ارشد بٹ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،اپنے مختصر خطاب میں انھوں نے کہا کہ موجودہ کٹھ پتلی حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے د ہانے پر پہنچا دیا ہے،مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

پاکستان سے لائیو خطاب کرتے ہو ئے ندیم اصغر کائرہ نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کی جمہوری جدوجہد اور قربانیاں دنیا بھر کی جمہوری تحریکوں کے لئے ایک مثال ہیں ، انہوں نے کہا اورسیز پاکستانیوں کو پیپلزپارٹی اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے ہا تھ مضبوط کرنے چاہئیں ، ندیم اصغر کائرہ نے حاضرین کو موجودہ غیر یقینی ملکی حالات سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں قمر اقبال پسوال،چوہدری رفیع اللہ، معروف کاروباری شخصیت شیخ طارق محمود ، ائیرانٹرنیشنل کے جنید شیخ، معروف بزنس مین جاوید اقبال پسوال، سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری، سینئر صحافی ناصر اکبر،پنجابی مصالہ ریسٹورنٹ کے مالک اور پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے نائب صدر چوہدری محمد اشرف اور دیگر نے شرکت کی ۔

آخر میں پی پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے اجلاس میں شریک حاضرین کا شکریہ ادا کیا ، اجلاس میں توقیر اکرم کائرہ شہید اور راجہ پرویز اشرف کے کزن راجہ اکرم مرحوم کے لئے مغفرت کی خصوصی دعا کی گئ،نظامت کے فرائض پی پی پی ناروے کے جنرل سیکریٹری علی اصغر شا ہدنے ادا کئے ۔

یاد ر ہے کہ سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید اپنی جلاوطنی کے دنوں میں اوسلو ناروے میں اکثر تشریف لاتی ر ہی ہیں اور پیپلزپارٹی ناروے ہمیشہ ان کے اعزاز میں بڑے بڑے پروگرام منعقد کرتی رہی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!