پاکستانی کمپنیوں کے’’عرب ہیلتھ 2025‘‘ میں بین الاقوامی ڈسٹری بیوٹرز کیساتھ کاروباری یادداشتوں پر دستخط
یہ معاہدے پاکستان کے طبی شعبے کی عالمی رسائی کو بڑھانے اور بین الاقوامی تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہیں، سفیر پاکستان
سرجیکل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نمائش کنندگان کو اس نمائش کے نتیجے میں تقریباً 15 ملین ڈالر کے کاروباری لین دین کی توقع ہے
طبی ٹیکنالوجی، تشخیص، جراحی کے آلات اور صحت کی دیکھ بھال میں تعاون کو فروغ ملے گا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کی ہیلتھ کیئر برآمدات میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے کئی سرکردہ پاکستانی کمپنیوں نے اعلی سطح کے بزنس فورم "عرب ہیلتھ 2025” میں صحت کی دیکھ بھال کے بین الاقوامی ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ مفاہمت کی چار یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں،یہ معاہدے پاکستان کے طبی شعبے کی عالمی رسائی کو بڑھانے اور بین الاقوامی تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عرب ہیلتھ 2025 میں پاکستان کی کامیاب شرکت پر تبصرہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ معاہدے طبی ٹیکنالوجی، تشخیص، جراحی کے آلات اور صحت کی دیکھ بھال میں تعاون کو فروغ دے کر برآمدی مواقع میں اضافہ کریں گے اور عالمی صحت کی دیکھ بھال کی صنعت میں پاکستان کو ایک کلیدی کردار کے طور پر مناسب مقام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صرف سرجیکل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نمائش کنندگان کو اس نمائش کے نتیجے میں تقریباً 15 ملین ڈالر کے کاروباری لین دین کی توقع ہے جبکہ اس میں فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ممکنہ کاروباری سودے شامل نہیں ہیں۔