پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے کام کے ذریعے ہز ہائینس کی نمایاں خدمات کو یاد کیا گیا
پرنس کریم آغا خان چہارم کا انتقال عالمی برادری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، سفیر پاکستان
پرنس کریم آغا خان کی انتھک کوششوں نے دنیا بھر میں پسماندہ اور کمزور کمیونٹیز کو ترقی دی
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسماعیلی سنٹر دبئی کے دورہ کے دوران پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، سفیرفیصل نیاز ترمذی نے عزت مآب کی غیر معمولی زندگی اور وراثت کو خراج تحسین پیش کیا، جو انسانیت کی خدمت کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت تھی۔
انہوں نے عزت مآب کو امید کی ایک عالمی کرن قرار دیا جس کی انتھک کوششوں نے دنیا بھر میں پسماندہ اور کمزور کمیونٹیز کو ترقی دی۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پرنس کریم آغا خان چہارم اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلق کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں خاص طور پر آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے کام کے ذریعے ہز ہائینس کی نمایاں خدمات کو یاد کیا۔اپنے دورے کے دوران سفیر ترمذی کا استقبال اسماعیلی سینٹر دبئی کے نائب صدر خلیل فیروز محمد، سفارتی تعلقات کے سربراہ اکبر ورجی اور اسماعیلی برادری کے سینئر نمائندے حسن ویلانی نے کیا۔
انہوں نے ایک ساتھ مل کر ہز ہائینس کی غیر معمولی زندگی اور میراث پر غور کیا۔ فیصل نیاز ترمذی نے اسماعیلی مرکز دبئی میں سرکاری تعزیتی کتاب میں اپنی تعزیت درج کی،پرنس کریم آغا خان چہارم کا انتقال عالمی برادری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
ان کی وراثت ہمیں مزید منصفانہ اور ہمدرد دنیا کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی،متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا سفارت خانہ اسماعیلی برادری، آغا خان خاندان اور اس غیر معمولی رہنما کے نقصان پر سوگوار تمام لوگوں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔