متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بزنس مین مل جل کر سپر مارکیٹس کے کاروبار کو فروغ دیں

0

پاکستانی سپرمارکیٹس میں پاکستانی پروڈکٹس متعارف کروائیں اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنائیں

بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے ملک کی مصنوعات خرید کر حب الوطنی کا ثبوت دیں

شارجہ میں معروف پاکستانی ہوٹل مالکان کے اجلاس میں ہوٹل بزنس پر سیر حاصل گفتگو

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں موجود معروف پاکستانی ریسٹورنٹس اور ہوٹل مالکان کی ایک ملاقات النواب ریسٹورنٹ شارجہ میں ہوئی جس میں النواب ریسٹورنٹ شارجہ کے حاجی محمد یٰسین، پاکستان سویٹس اور النواب ریسٹورنٹ شارجہ کے سہیل خاور ، راوی ریسٹورنٹ دبئی کے چودھری عبدالحمید اور السراب المدینہ ریسٹورنٹ کے چودھری محمد اشرف گل نے شرکت کی ۔

ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ متذکرہ افراد نے امارات میں بزنس کے لیے نئے اور پرانے بزنس مینوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مل جل کر اجتماعی طور پر سپر مارکیٹس کے کاروبار کو فروغ دیں، پاکستانی سپر مارکیٹس میں پاکستانی پروڈکٹس متعارف کروائیں اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنائیں۔

حاجی محمد یٰسین ، چودھری عبدالحمید ، سہیل خاور اور چودھری محمد اشرف گل نے کہا کہ امارات کی تمام ریاستوں میں سپر مارکیٹس کا بزنس عروج پر ہے اور مزید سپر مارکیٹس کی ضرورت ہے لہٰذا ایک سے زیادہ لوگ مل کر سپر مارکیٹس کا بزنس شروع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے ملک کی مصنوعات خرید کر حب الوطنی کا ثبوت دیں اور انہیں کامیاب کریں، جتنی زیادہ سپر مارکیٹس قائم ہوں گی اس سے پاکستان سے امپورٹس بڑھیں گی اور ملک کو معاشی طور پر فائدہ ہو گا۔

ہوٹل مالکان کے حالیہ اجلاس میں ہوٹل مینجمنٹ کے سلسلہ میں بھی تبادلہ خیالات کیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والا تمام میٹریل "میڈ ان پاکستان ” ہی استعمال کیا جائے گا اور پاکستانی پروڈکٹس کو فروغ دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!