سماجی، مذہبی و کمیونٹی شخصیات الحاج محمد یونس مدنی اور چوہدری گلاب دین کی جانب سے افطار پارٹی کا انعقاد
اولڈہم (محمد فیاض بشیر سے) سماجی مذہبی و کمیونٹی شخصیات الحاج محمد یونس مدنی، چوہدری گلاب دین نے والدہ ماجدہ کے چہلم پر مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لیے مدینہ جامع مسجد و اسلامک سنٹر اولڈہم میں روح پرور و ایمان افروز افطار پارٹی کا انعقاد ۔
ادارہ نور الاسلام فیصل آباد انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ و سفیر امن پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی کے علاوہ سید عطاء اللہ شاہ بخاری ،صوفی نور محمد نقشبندی ،سید صغیر حسین شاہ ، حافظ ماجد رضوی کی خصوصی شرکت ۔ نقابت چوہدری عمران سرور ایڈووکیٹ نے کی، تلاوت کلام پاک کا شرف حافظ واجد رحمان کو نصیب ہوا ۔
آقائے کائنات کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول حاجی عبد القیوم مدنی نے پیش کیے جبکہ ماں کی شان میں منقبت الحاج محمد اشفاق وارثی نے پیش کر کے محفل میں روحانی وجد طاری کر دیا ۔
پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے والدین کے عزت و احترام بارے بیان فرماتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ ایک دفعہ صحابی آقائے کائنات کے ہاں پیش ہو کر فرمایا اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بہترین عمل وقت پر نماز کی ادائیگی اسکے بعد والدین کے ساتھ حسن سلوک اور پھر فرمایا کہ اللّٰہ کی راہ میں جہاد ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے والدین کی نافرمانی کرتے وقت قرآن کریم کی آیت اور آقائے کائنات کے فرمان کو بھول جاتے ہیں ، انکا کہنا تھا کہ اگر ماں کے قدموں تلے جنت ہے تو باپ اسکا دروازہ ہے یاد رکھیں جنت پانے کے لیے آپکو دروازے سے گزرنا پڑتا ہے اور وہ ہے اپنے باپ کا ادب واحترام ہے اور جو نہیں کرتا اسکا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں انکا کہنا تھا کہ اگر بیوی خاوند کی اطاعت نہیں کرتی تو اسکی بھی عبادت کسی کام کی نہیں کیونکہ اللّٰہ تعالیٰ نے خاوند کی اطاعت کا حکم دیا ہوا ہے ۔
سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہرہ کی سوانح عمری بیان کر کے انکے مقام و مرتبے بارے حاضرین محفل کے ایمان کو تازگی بخشی ۔ پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، پاکستان کی سلامتی و استحکام کے ساتھ دنیا سے چلے جانے والے اہل ایمان کی ارواح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لیے خصوصی دعا بھی کی ۔
عالمی مبلغ اسلام و سفیر امن پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی عالمی سطح پر امن محبت بھائی چارے اور رشتوں کے ادب و احترام کا حقیقی درس دینے میں پیش پیش ہیں۔