اسلامک کلچرل سنٹر آئرلینڈ (IccI) کے زیر اہتمام پورٹ لیش مسجد میں والدین اور بچوں کے حقوق پر ورکشاپ کا انعقاد

0

پورٹ لیش، آئرلینڈ (وسیم بٹ سے) اس پرفتن دور میں جہاں انسانیت اور بالخصوص مسلم سوسائٹی بے شمار فتنوں اور برائیوں کی زد میں ہے ان میں ایک والدین اور اولاد کے حقوق کو پورا نہ کرنا بھی ہے اس لیے موجودہ دور اور بالخصوص اس دیار غیر میں رہتے ہوئے والدین اور اولاد کے حقوق اور ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے اس سلسلے میں آئی سی سی آئی کے زیر اہتمام پورٹ لیش مسجد میں والدین اور اولاد کے حقوق کے موضوع پر ایک نہایت خوبصورت ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ورکشاپ کا آغاز محمد مالک نے تلاوت قران مجید سے کیا،غضنفر حسین نے ورکشاپ کی نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے تمام خواتین و حضرات اور بچوں کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے حاضرین کو آگاہ کیا ،پورٹ لیش مسجد کے امام شیخ قدور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر ہمارے بچے دین و دنیا میں کامیابی چاہتے ہیں تو انہیں اپنے والدین کی انتہائی درجہ عزت و تکریم کرنا ہوگی اور والدین کے ساتھ محبت و احترام اور حسن سلوک سے پیش آنا ہوگا۔

انہوں نے ایک حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ (جنت ماں کے قدموں تلے ہیں) اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ والدین کا احترام نہ صرف اخلاقی بلکہ روحانی اہمیت کا حامل بھی ہے ۔اس کے بعد پورٹ لیش مسجد کے امام و خطیب اور نوجوان سکالر امام شیخ حسن شیر نے مرکزی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اج کل کے بدلتے معاشرتی ڈھانچے میں والدین اور اولاد کے حقوق اور ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے۔

والدین کا کردار نہ صرف خاندان بلکہ معاشرے کی ترقی میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے، والدین کی ذمہ داریاں صرف گھر تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری اور مستقبل کی تعمیر میں بھی ان کا اہم کردار ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ نہ صرف اپنے حقوق کا خیال رکھیں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں تاکہ ان کے بچوں کی شخصیت مضبوط اور باعزم بن سکے یہ اقدام نہ صرف خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعث فخر اور ترقی کا باعث ہوگا ۔

دوران خطاب آپ نے خاص طور پر بچوں سے مخاطب ہو کر کہا آپ کو اپنے والدین کے ساتھ محبت و احترام اور حسن سلوک سے پیش آنا چاہیے آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے والدین کو خراج تحسین پیش کریں اور ابھی کھڑے ہو کر اپنے والدین کو نہایت عزت و تکریم سے سلیوٹ پیش کرے اور ان کو بوسہ دے اور جب بچوں نے یہ عمل کیا تو یہ منظر نہایت خوبصورت اور دیدنی تھا جس سے والدین کے چہروں کی خوشی دیکھنے کے قابل تھی جس سے یہ منظر دیکھ کر کئی آنکھیں اشک بار بھی ہوئی ۔

شیخ حسن شیر نے بچوں اور والدین کے لیے سوال و جواب کا بھی ایک سیشن رکھا تھا جس پر انہوں نے نہایت خوبصورت انداز میں بچوں اور والدین کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات دیے ۔ڈاکٹر محمد طارق اور ڈاکٹر رضوان گل نے بچوں کی جسمانی صحت و تندرستی اور نشوو نما پر اہم معلومات بھی فراہم کی ۔

آخر میں رانا احتشام حلیم نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی سی سی آئی اور بالخصوص شیخ حسن شیر کے نہایت مشکور و ممنون ہیں کہ جنہوں نے ہمارے لیے اور ہمارے بچوں کے لیے انتہائی حساس اور ضروری موضوع پر اس ورکشاپ کا انعقاد کر کے انتہائی ضروری معلومات سے آگاہ کیا ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ بھی اس طرح کے کئی اور پروگرامز اور سیمینار کا انعقاد کریں ۔

شیخ حسن شیر نے تمام عالم اسلام وطن عزیز پاکستان کی ترقی خوشحالی ۔بچوں اور والدین کے لیے خصوصی دعا کی،اس ورکشاپ کے انتظام و انصرام میں جن اہم شخصیات کا تعاون رہا ان میں اس پروگرام کے چیف آرگنائزر نعیم اقبال ، ڈاکٹر محمد طارق ،ڈاکٹر رضوان گل ، رانا احتشام حلیم،چوہدری نعیم ،آصف عزیز،محمد اسلام اور دیگر شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!