لمرک آئرلینڈ:ایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کی پر وقار تقریب کا اہتمام
لمرک آئرلینڈ (وسیم بٹ سے) ایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز (AIPPS) کے زیر اہتمام لمرک کے ایک مقامی ہوٹل (SAVOY) میں عید ملن پارٹی کی ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں ڈاکٹرز ،وکلاء، بزنس مین،مختلف تنظیمات کے قائدین کے علاوہ دیگر میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی اہم شخصیات اور فیملیز نے اپنے بچوں کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ جبکہ اس تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ ڈبلن کے ہیڈ آف چانسری شاہد اقبال تھے ۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا ۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر جبران،ڈاکٹر جاوید سعید اور ڈاکٹر انعم نے ادا کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔
مقررین میں ہیڈ آف چانسری شاہد اقبال ،ڈاکٹر عزیز ،ڈاکٹر لائبہ،سولیسٹر چوہدری عمران خورشید ،عائشہ چوہدری،عرفان حمید اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات اس دیار غیر میں رہتے ہوئے ہمیں اور ہمارے بچوں کو عید کی خوشیوں میں ایک دوسرے سے جڑنے کے علاوہ ہمارے بچوں کو اپنے ماحول اپنی ثقافت سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ بنتی ہیں ۔
اس طرح کی تقریبات کا انعقاد آئرلینڈ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہونا چاہیے اور بالخصوص ہمیں اپنے سیاسی اور ذاتی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان تمام تقریبات میں شریک ہونا چاہیے جس سے ہمارے اندر ایثار و قربانی پیار و محبت اور باہمی اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پروان چڑھے گا ،اس تقریب میں بچوں کی دلچسپی کے لیے ڈاکٹر رضوان اور ڈاکٹر احتشام نے بچوں کی ذہنی آزمائش اور میجک شو کا بھی اہتمام کیا جس سے بچوں کے ساتھ بڑے بھی بہت محظوظ ہوئے ۔
ایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز (AIPPS) کے صدر ڈاکٹر نعمان نبی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پر وقار تقریب کا مقصد صرف یہ ہے کہ اس طرح مل جل کر بیٹھنے سے عید کا جو اتحاد باہمی اور سماجی اشتراکیت کا جو پیغام ہے اس سے آگے بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
آئیے خوشی کے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہم اپنی پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کریں اور باہمی احترام و اتحاد اور ہم آہنگی جیسی مشترکہ اقدار کو فروغ دیں گے ۔
آخر میں آپ نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کی تواضع بہترین پاکستانی کھانوں سے کی گئی ۔