ووکنگ ، سرے (رپورٹ:کونسلر محمد الیاس راجہ) گزشتہ اتوار مورخہ 13 اپریل 2025 برطانیہ کے مرکزی شہر برمنگھم میں میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ ڈیمانڈ گروپ کی طرف سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران پارلیمنٹ ، ہائوس آف لارڈز ، کونسلرز ، سابق اور موجودہ میئرز ، قانون دان ، شاعر ، ادیب ، دانشور ، کامیاب بزنس مین ، کمیونٹی راہنمائوں اور دور دراز کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں تشریف لائے ہوئے صاحبِ علم و دانش خواتین و حضرات کی موجودگی اس لیے اپنی مثال آپ تھی کہ گروپ کے چند مخلص کارکنان جو گزشتہ کئی ماہ سے متحرک اور فعال انداز میں اس ون پوائنٹ ایجنڈا پہ کام کر رہے تھے ان عام لوگوں کی کال پر ملک کے طول و عرض سے ہر مکتبہِ فکر کے لوگوں کا لبیک کہنا بلا شبہ سراہے جانے کے قابل ہے ۔
راقم کا وقت سے پہلے حال میں پہنچنا اور اختتامِ کانفرنس تک وہاں موجود رہتے ہوئے بڑی تعداد میں مقررین کو سننے، حال میں موجود لوگوں سے نجی گفتگو کے دوران اور سوشل میڈیاز کے ایکٹیوسٹ کے طرزِ عمل سے اس امید پہ پختہ یقین ہونے لگ گیا تھا کہ اہلِ کشمیر کا یہ جائز اور مناسب مطالبہ انشااللہ العزیز جلد یا بدیر پورا ہو کر رہے گا۔

مقررین نے اپنے اپنے اندازِ خطابت میں آئے روز ان مسافروں جو محنت شاقہ سے ہر سال اربوں روپے کی ترسیل سے ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں کو درپیش سفری مشکلات ان سادہ لوح لوگوں کے کلچر تہذیب و تمدن سے ناواقفیت کی بنا پر ائرپورٹس پر ناروا سلوک اور پھر وہاں سے گھر پہنچنے تک کے ناقص سکیورٹی معاملات ،مختلف ناکوں پہ لوٹ مار ،حتیٰ کہ قتل تک کہ حادثات کا جس دکھ بھرے انداز میں ذکر کیا گیا وہ بڑی حد تک قابل مزمتہے۔
حکومتِ وقت کی عدم دلچسپی پہ جس طرح اظہارِ افسوس کیا گیا،اس کی تفصیل میں جائے بغیر متوقع میرپور انٹرنیشنل ائر پورٹ کے مثبت پہلوئوں جن میں عام لوگوں کے روزگار کے مواقع ، فارن انوسٹمنٹ کی فراخدلانہ آمد ، انڈسٹریل زون کے قیام ، ٹورازم جو اسوقت دنیا بھر میں ملٹی ٹریلن انڈسٹری کا روپ دھار چکا ہے، اس سے خاطر خواہ استفادہ اور بالآخر بحالی اعتماد سے پیار محبت و یگانت اور بین لاقوامی لیول پہ قومی و ملکی وقار و تشخص میں اضافہ پر بات چیت کی گئی ۔
کانفرنس کے خوش آئند پہلوئوں میں سے ایک بات جسے مقررین سامعین اور حال میں موجود خواتین و حضرات کی شعوری بیداری کا یہ پہلو بڑے واضح طور پر دیکھا اور محسوس کیا جا سکتا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں اربوں روپے سالانہ غیر ضروری پروٹوکول اور مراعات کی مد میں اخراجات کے فوری تدارک Campaign : NO TO PROTOCOLکی سوچیں ابھر رہی ہیں اور پیشہ ور خاندانی کرپٹ سیاستدانوں ، بیوروکریٹس اور ان کے سہولت کاروں سے نفرت و حقارت میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔
نتیجتاً اب آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی کی طرز پر پاکستان کے ہر ڈویژن لیول پر چند مخلص باجرت ، باصلاحیت اور صاحب کردار لوگوں پر مشتمل ایکشن کمیٹیز کا قیام ناگزیر ہے جو ربِِ ذوالجلال مسبب الاسباب پہ پورا یقین رکھتے ہوں کہ اللہ ہم کو کافی ہے اور کیا اچھا کار ساز ہے۔اور وہ کیا ہی بہترین کار ساز ہے. اور کتنا بہترین مددگار ہے ۔
انشا اللہ العزیز یہی پاکیزہ سوچیں اور باہمت و با عمل لوگ ہی میرپور انٹرنیشنل ائر پورٹ اور کمیونٹی کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے معاون ثابت ہونگے ۔ اللہ پاک اپنے کرم و فضل سے ہم سب کی نیک و جائز حاجات کو پورا فرمائے اور ہمیشہ ہمیشہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔ آمین ثمہ آمین ۔
اگلی کانفرنس تک کے لیے اس استدعا کے ساتھ اللہ حافظ کہہ رہا ہوں کہ چوہدری عاطف منیر صاحب اور ان کے مخلص رفقاء کار کے ساتھ جڑے رہے گا اور ہر ممکنہ طریقہِ کار سے ان کی اس امید سےحوصلہ افزائی فرمائے گا کہ حصولِ مقصد تک ہم ایک دوسرے کے دست و بازو بنے رہیں گے ۔