ایتھنز کی فضائیں نعتِ رسول ﷺ سے مہک اٹھیں،منہاج اسلامک سنٹر انوفیتا میں روح پرور محفل نعت، خوشیوں بھرا کیک بھی کاٹا گیا

0

ایتھنز،یونان (پرویزاحمد مغل سے) عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشبو سے معطر، ذکرِ رسالت سے روشن اور ایمان کی روشنی سے جگمگاتی ایک روح پرور محفل کا انعقاد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سنٹر انوفیتا، یونان میں کیا گیا، جس نے ایتھنز کی فضاؤں کو “اللہ اکبر”، “یا رسول اللہ ﷺ” اور “یا علیؑ” کے فلک شگاف نعروں سے گونجا دیا۔

اس نورانی محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ محمد ریاض نے حاصل کی۔ بعد ازاں مقامی نعت خواں حضرات نے محبت و عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

محفل کی سب سے خاص جھلک عالمی شہرت یافتہ نعت خواں شہباز حسین سمی المعروف “پولیس والا” کی پُراثر شرکت تھی، جنہوں نے نعتِ رسول ﷺ کے سحر میں ڈوبے ہوئے انداز میں اپنے کلام سے سامعین کے دلوں کو چھو لیا۔ حاضرین کی پرجوش داد نے محفل کو ایک منفرد روحانی کیفیت عطا کی۔

اس باوقار بزمِ عقیدت میں یونان بھر سے تعلق رکھنے والی علمی، ادبی، صحافتی، مذہبی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، صدر منہاج القرآن یونان، جناب ارسلان خرم چیمہ نے تمام مہمانانِ گرامی، کمیونٹی رہنماؤں، صحافی برداری اور عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس پُرنور موقع پر خوشی کا ایک اور خوبصورت لمحہ اس وقت آیا جب حاجی محمد فیصل چوہدری کے ہاں چاند سے بیٹے کی ولادت کی خوشی میں خصوصی طور پر کیک کاٹا گیا۔ محفل میں موجود تمام شرکاء نے اُنہیں دلی مبارکباد پیش کی اور اس حسین لمحے کو دعاؤں اور نیک تمناؤں سے سجایا۔

محفل کے اختتام پر شرکاء نے ادب و احترام کے ساتھ کھڑے ہوکر بارگاہِ رسالت ﷺ میں درود و سلام پیش کیا اور علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی خیر و فلاح کے لیے پُراثر دعا کروائی۔یہ ایک ایسی یادگار شب تھی جس کی خوشبو دیر تک دلوں میں رچی رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]