پاکستان ہاؤس لندن میں یوم تشکر کی تقریب، پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا
لندن (نمائندہ خصوصی) پاکستان ہاؤس، لندن میں یوم تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی پرچم بلند کیا۔ پاکستانی کمیونٹی، کشمیریوں، پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے حکام اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا پوری پاکستانی قوم کو اس تاریخی لمحے پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ کوئی طاقت، کوئی جارحیت اور کوئی اشتعال ہماری خودمختاری اور غیر متزلزل قومی عزم کی بنیادوں کو کمزور نہیں کر سکتا۔
ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ بے مثال ہمت اور اعلیٰ لگن کے ساتھ افواج پاکستان نے سبز ہلالی پرچم کے وقار اور عزت کو برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑی ہے۔
پاکستان ہمیشہ سے خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہاں رہا ہے مگر پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ نماز جمعہ کے بعد افواج پاکستان اور پاکستان کی بقا اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی ۔