پاک فرینڈ آسٹریا کی جانب سے یوم تشکر اور افواج پاکستان کی دلیری کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد
ویانا،آسٹریا (محمد عامر صدیق سے) آسٹریا ویانا میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے افواجِ پاکستان کی دلیری، قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب پاک فرینڈ آسٹریا کی جانب سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں، سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور رفاہی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا اغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری شبیر کو حاصل ہوئی نعت رسول مقبول اور منقبت کے اشعار شبر شاہ نے ادا کیے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ اف چانسری عدیل خان آفریدی تھے، فضا "پاکستان زندہ باد”، "افواجِ پاکستان زندہ باد”، "سپہ سالار جنرل عاصم منیر زندہ باد” اور "مودی مردہ باد” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔
تقریب کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ مختلف سیاسی جماعتوں بشمول پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی نے پہلی مرتبہ مل کر پاکستان کی فتح کا جشن منایا، جو قومی اتحاد کی ایک خوبصورت مثال بنی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سفارت خانہ پاکستان ہیڈ اف چانسری عدیل خان آفریدی نے کہا ہمارے شاہینوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا، جسے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
پاکستانی عوام اپنے فوجی جوانوں کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں جو مادر وطن کی خود مختاری کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے میں سفارت کاروں، میڈیا اور نوجوانوں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کےساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
مزید مقررین جن میں پاک فرینڈ اسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفی بلوچ،منیر مغل،اظہر شاہ،غلام اظہر،کرسچن کمیونٹی کے صدر کلیم مسیح،پاک فرینڈ اسٹریا کے کشمیر کمیٹی کے صدر راجہ انصر،عرفان اعوان،پاک فرینڈ آسٹریا کے اسٹوڈنٹس ونگ کے رانا عاطف،تدفین کمیٹی آسٹریا کے صدر ملک امین،اور سعودی عرب سے ائے ہوئے مہمان دوریز رحمان شامل تھے۔
مقررین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ تاریخ میں ایک بہت بڑا موقع ہے جس نے قوم کو متحد کر دیا ہے۔ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں رہیں گے اور کشمیر کی ازادی تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ پاک بھارت جنگ میں پاکستانی افواج نے بہترین حکمت عملی سے بھارتی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا،بھارت کے خلاف جنگ جیتنے پر پاک فوج کا دنیا بھر میں مورال بلند ہوا ہے۔
یومِ تشکر منانے کا مقصد اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے،پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف وطنِ عزیز کی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا بلکہ دشمن کو یہ واضح پیغام بھی دیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا مقصد خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنا تھا، مگر افواج پاکستان نے اپنے حوصلے اور حکمتِ عملی سے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملا دیئے۔بعد از میں قاری شبیر نے شہداء، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔
پاک فرینڈ اور شیئر کے صدر علامہ غلام مصطفی بلوچ اور پاک فرینڈ اسٹریا کی پوری ٹیم کی جانب سے تمام لوگوں کا تقریب میں انے کا شکریہ ادا کیا گیا۔آخر میں محسن بلوچ کی جانب سے خصوصی پاکستانی کھانے کا انتظام کیا گیا۔