برسلز:او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا کی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد

0

برسلز(حافظ اُنیب راشد سے) اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن OPF کے چیئرمین سید قمر رضا نے مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید حافظ عاصم منیر کو حکومت کی جانب سے فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ سے یورپین دارالحکومت برسلز پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہیں اس دورے کی دعوت سید خرم رضا کاظمی اور سید حسن شاہ نے دی ہے۔ اس دورے میں وہ بیلجیئم کے سابق وزیراعظم اور یورپین پارلیمنٹ کے موجودہ رکن ایلیو دی روپو کے ساتھ ڈنر کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ بھی جائیں گے۔

انہوں نےکہاکہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر شروع کی جانے والی جنگ میں جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں فتح سے ہم کنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب انتہائی ضروری ہے کہ ہم سب باہم ملکر اسے معاشی طور پر بھی مظبوط بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہی ہمارا کام ہے اور یہی ہمارا نعرہ۔ اگر ہم پہلے آٹھ گھنٹے کام کرتے تھے تو اب ہمیں اس سے دوگنا کام کرنا چاہیے۔ سید قمر رضا نے مزید کہاکہ تمام پاکستانی اپنی ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ بات درست نہیں کہ اوورسیز کسی اور بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سب پاکستانی چاہے وہ ملک کے اندر ہوں یا باہر، وہ ایک مٹھی کی صورت پاکستان کو اس کا وہ مقام دلانے کی کوشش کریں گے جس کا وہ حقدار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]