لندن (نمائندہ خصوصی) پاکستان کی نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 180 ملین سے زائد ڈیجیٹل صارفین کے اکاؤنٹس کے پاس ورڈز اور حساس معلومات چوری ہو چکی ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق، متاثرہ صارفین میں گوگل، فیس بک، ایپل، انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کے اکاؤنٹس شامل ہیں، جبکہ بعض حکومتی پورٹلز کی معلومات بھی ہیکرز کے ہتھے چڑھ گئی ہیں۔نیشنل سرٹ کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا لیک ‘انفوسٹیلر میلویئر’ کے ذریعے عمل میں آیا، جو صارفین کے کمپیوٹرز سے خفیہ معلومات چرا کر مخصوص ڈیٹابیسز میں محفوظ کر لیتا ہے۔
اس چوری کے نتیجے میں شناخت کی چوری، اکاؤنٹ ہیکنگ اور رینسم ویئر حملوں کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ادارے نے متنبہ کیا ہے کہ سرکاری محکمے اور مالیاتی ادارے بھی اس سائبر حملے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس خطرے سے نمٹنے کے لیے نیشنل سرٹ نے شہریوں کو درج ذیل حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے:
تمام آن لائن اکاؤنٹس کے پاس ورڈز فوری طور پر تبدیل کریں دو مرحلہ جاتی تصدیق (Two-Step Verification) کو فعال کریں غیر محفوظ فائلوں یا ای میلز میں پاس ورڈ ہرگز محفوظ نہ کریںاینٹی وائرس اور سیکیورٹی سافٹ ویئر کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھیںلاگ ان کی مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ بروقت حفاظتی اقدامات، آگاہی اور مؤثر نگرانی ہی اس سائبر خطرے سے بچاؤ کا واحد راستہ ہیں۔ بصورت دیگر قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر شدید متاثر ہو سکتا ہے