برطانیہ میں3 دہائیوں کے خطرناک طوفان نے تباہی مچا دی،4 افراد ہلاک

0

لندن(سدرہ بھٹی)یورپ کے بعد طوفان نے برطانیہ میں تباہی مچادی جس سے مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔طوفان کے باعث لندن سمیت انگلینڈ کے مختلف علاقوں میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ جنوبی انگلینڈ میں 196 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی جس کی وجہ سے لوگ پیروں پہ نہ سنبھل سکے اور کئی افراد اڑ کر دور جاگرے۔

برطانیہ میں شدید طوفان بادوباراں کے باعث سیکڑوں سکول بند جبکہ کئی ٹرینوں کی آمدورفت اورپروازیں منسو خ کردی گئیں۔ لندن، جنوب مشرقی اور مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں کے لیے تیز ہوا کے ریڈ وارننگ جاری کی گئی،شمالی آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے لیے بھی انتباہ جاری کردیا گیا۔ آئل آف وائٹ میں 122 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں نے رفتار کی شدت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، اس سے قبل1978میں کارنوال میں118 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا ریکارڈ تھا۔

درخت گرنے کے سبب متعدد علاقوں میں سڑکوں کو بھی بند کرنا پڑا۔ ویلز میں ٹرین سروس کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔ ویلز میں ایم 4 پر تیز ہوائوں سے لاری الٹنے سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک متاثر رہا۔لوٹن اور ڈنسٹیبل میں عمارتیں متاثر ہونے،جانی ودیگر نقصان پہنچنے کاخدشہ ہے، عوام کو غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کردی گئی۔ طوفان کے بارے میں پیش گوئی کرنے والوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ تین دہائیوں میں برطانیہ کے بدترین طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

آئل آف وائٹ پر نیڈلز پر 122 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا ہوا کا جھونکا عارضی طور پر انگلینڈ میں ریکارڈ کیا گیا جو سب سے زیادہ جھونکا ہے۔ شہریوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ اگر ہو سکے تو سفر کرنے سے گریز کریں اور جب ہوائیں تیز رفتاری تک پہنچ جائیں تو گھر پر ہی رہیں۔ لندن میں O2 ایرینا کی چھت کے کچھ حصے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے ۔ پہلی بار میٹ آفس نے لندن، جنوب مشرقی اور مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں کے لیے ہوا کے لیے ریڈ وارننگ جاری کی ہے جو بلند ترین سطح کی وارننگ ہے۔ شمالی آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں برف اور ہوا کے لیے پیلے رنگ کے انتباہات ہیں ۔

طوفان کے باعث شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ بیلجیم، ڈنمارک اور سوئیڈن میں طوفان کے پیش نظر وارننگ جاری کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!