لندن(نمائندہ خصوصی)پاکستان سے آئے ہوئے ممتاز سیاستدان رہنماپی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید کے اعزاز میں رہنما پی ٹی آئی راجہ زاہد اورجہاںزیب کی جانب سے لندن ساؤتھ ہال میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ میرپور آزاد کشمیر میں انٹر نیشنل ائر پورٹ ضرور بنے گا ۔ یہ آزاد کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے ۔ میرپور ائر پورٹ کی تعمیر میں سابقہ حکومتوں نے کوئی کردار ادا نہیں کیا ۔ میرپور ائر پورٹ موومنٹ کی قیادت کا یہ ایک جائز مطالبہ ہے۔
ہم میر پور ایئرپورٹ کا مطالبہ وزیراعظم پاکستان عمران خان تک ضرور پہنچائیں گے، اس پر ہم آپ سے رابطہ کریں گے ۔ پی ٹی آئی حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے تھوڑا عرصہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں میرپور ائر پورٹ کی تعمیر سے ٹورسٹ انڈسٹری کو فروغ ملے گا ، برطانیہ، یورپ و دیگر ممالک کے عوام کو آزاد خطہ کی خوبصورتی دیکھنے کا موقع ملے گا ۔
استقبالیہ میں محمد حفیظ،ساجد بٹ، کونسلر مشتاق لاشاری، امجد امین بوبی،حمید بٹ،صاحبزادہ عامر جہانگیر ،اسلم بھٹہ،وحید الزمان ایڈووکیٹ، شہناز صدیقی ،حمید بٹ سمیت کمیونٹی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
دوران خطاب سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ سکردو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی طرح میرپور انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر بھی فوری شروع کی جائے تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کے اندر احساس محرومی ختم ہو ۔ میرپور ایئر پورٹ کی تعمیر سے پاکستان اور آزاد کشمیر گورنمنٹ کو ریونیو ملےگا اور ریاست کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بھی اضافہ ہو گا ۔
انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کشمیری جہاں بھی ہیں وہ اپنے نام کے ساتھ میرپوری شناخت ضرور لکھتا ہے ۔آخر میں راجہ زا ہد سمیت دیگر کشمیر ی رہنماؤں نے سینیٹر فیصل جاوید کی میرپور ایئر پورٹ کی تعمیر کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کر تے ہو ئے کہا کہ کشمیری عوام امید کرتے ہیں کہ میرپور انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر کا مسئلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دور حکومت میں ضرور مکمل ہو گا۔
اس موقع پر میر پور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایئرپورٹ کے مطالبے کی حمایت پر خوشی کا اظہار کیا ۔