قرآن پاک کی بے حرمتی جیسے گھنائونے فعل سے مسلمانوں کی حساسیت کو ٹھیس پہنچتی ہے ،ڈپٹی مستقل مندوب عامر خان

0

اقوام متحدہ (طاہر محمود چوہدری) پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ نیویارک میں ڈپٹی مستقل مندوب عامر خان نے قرآن پاک کی بے حرمتی اور اسلامو فوبیا کی دیگر کارروائیوں پر او آئی سی گروپ کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ او آئی سی گروپ سویڈن میں ڈینش رائٹ ونگ پارٹی سٹرام کرس کے زیر اہتمام منعقدہ ریلیوں کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیاں اسلامو فوبیا میں خطرناک حد تک اضافے اور اس کے سدباب کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت کی عکاسی کرتی ہیں، اس طرح کے اسلاموفوبک روئیے سے 1.5 بلین سے زیادہ مسلمانوں کی حساسیت کو ٹھیس پہنچتی ہے اور آزادی اظہار کے حق کا سراسر غلط استعمال ہوتا ہے اور انتہا پسندانہ بیانیے کی تصدیق ہوتی ہے، اس کے نتیجے میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد میں اضافہ ہوتا ہے۔

او آئی سی گروپ واضح طور پر اسلام، عیسائیت اور یہودیت کی توہین کے عمل کی مذمت کرتا ہے اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کی تمام کارروائیوں کے خلاف کھڑا ہے، اسلامو فوبیا کی دیگر حالیہ کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، بشمول مساجد پر گھناؤنے حملے، نمازیوں کو قتل اور زخمی کرنا، مسلمانوں کے گھروں کو تباہ کرنا، حجاب پر پابندی اور دنیا کے مختلف حصوں میں دیگر مسلم مخالف کارروائیاں۔

او آئی سی گروپ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہے۔ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر غیر اخلاقی، عدم برداشت اور تشدد پر اکسانے کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار کرنا چاہیے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے او آئی سی کے حالیہ اقدام کے پیچھے یہی روح ہے جس کے ذریعے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!