ٹورنٹو(شوبز نیوز)گلوکار عاطف اسلم کی مداح پاکستانی نژاد کینیڈین لڑکی نے پسندیدہ فنکار کے میوزک کنسرٹ کے لیے اپنی شادی ہی ملتوی کردی۔
جی ہاں، کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد لڑکی نے منگنی کرنے اور شادی کی تاریخیں طے کرنے کے باوجود عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کے لیے اپنی شادی ملتوی کردی۔
اس بات کا انکشاف خود عاطف اسلم نے حال ہی میں کینیڈا میں کیے گئے میوزک کنسرٹ کی پرفارمنس کے دوران کیا۔
عاطف اسلم ان دنوں امریکا اور کینیڈا کے ٹوئٹر پر موجود ہیں، جہاں وہ امریکا کے متعدد شہروں میں پرفارمنس کرنے کے بعد کینیڈا کے شہروں میں کنسرٹس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے 22 مئی کو ٹورنٹو میں ہونے والے کنسرٹ کی لائیو پرفارمنس کے دوران ایک بینر کو ہاتھ میں تھام کر پرفارمنس کی اور بعد ازاں مذکورہ بینر پر لکھی گئی داستان کی کہانی بھی سنائی۔
A wedding ceremony postponed because of Atif Aslam concert in Toronto??#AtifAslam pic.twitter.com/YgxL6rrfK3
— Mazid (@mazidhussain_) May 23, 2022
بعد ازاں گلوکار نے بینر تھمانے والے نوجوان کو کہا کہ وہ انہیں پین لاکر دیں تو وہ بینر پر اپنے دستخط کردیں گے۔عاطف اسلم کی مذکورہ ویڈیو ان کے فین نے ٹوئٹر اور یوٹیوب پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
اگرچہ یہ بات واضح ہو گئی کہ عاطف اسلم کے کنسرٹ کے لیے لڑکی نے شادی ملتوی کی، تاہم یہ معلوم نہ ہو سکا کہ پاکستانی نژاد لڑکی کا تعلق کس شہر سے تھا اور اب وہ کب تک شادی کا ارادہ رکھتی ہیں۔عاطف اسلم کینیڈا کے مختلف شہروں میں آئندہ ماہ 26 جون تک کنسرٹس منعقد کرتے رہیں گے تو خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ لڑکی بھی جون کے بعد ہی شادی کے بندھن میں بندھیں گی۔