ناروے میں پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کا سالانہ اجلاس اور عیدملن پارٹی کا انعقاد، فیملیز کی کثیر تعداد نے شرکت کی

0

اجلاس کی صدارت چوہدری عبدالحمید جبکہ نقابت کے فرائض فیضان خالد نے ادا کئے

فنانس سیکریٹری عقیل قادر نے سالانہ مالیاتی رپورٹ بھی پیش کی

اوسلو(عقیل قادر)پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے سالانہ اجلاس اور عیدملن پارٹی کا انعقاد منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر منعقد کیا گیا جس میں ممبران نے کثیر تعداد میں فیملیز سمیت شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز حافظ محمد اویس حمید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ حماد حسین قادر اور رمیض طارق نے نبی پاکؐ کی بارگاہ اقدس میں نعت رسول ؐ پیش کر کے خوب داد وصول کی۔

عماد ثاقب نے نارویجن زبان میں سوسائٹی کے قیام کا مقصد اور ممبران کے لیے دی گئی سہولیات کا ذکر کیا۔ اجلاس کی صدارت چوہدری عبدالحمید صدر پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی نے کی جبکہ نقابت کے فرائض سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری فیضان خالد نے احسن انداز میں ادا کئے۔

فیضان خالد نے سوسائٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ دو سال کے قلیل عرصہ میں تین سو ممبران سوسائٹی کی ممبرشپ حاصل کر چکے ہیں اورگذشتہ ایک سال میں 120 ممبران کا اضافہ ہوا ہے جس پر تمام اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سوسائٹی کے قیام کا مقصد تجہیز وتکفین ہے۔ اگر سوسائٹی کے کسی ممبرکا انتقال ہو جائے تو سوسائٹی تدفین کے لیے تیس ہزار کرائون تک کے اخراجات برداشت کرے گی اور لواحقین کو تیس افراد کا کھانا بھی فراہم کرے گی۔

فنانس سیکریٹری عقیل قادر نے سالانہ مالیاتی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ 2021 میں سوسائٹی کے اکائونٹ سے ایک کرائون بھی خرچ نہیں کیا گیا جبکہ گذشتہ سال کیے گئے تمام پروگرامز کے اخراجات سوسائٹی کے انفارمیشن سیکرٹری چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اور سوسائٹی کی انتظامیہ نے برداشت کئے۔

اس موقع پر بچوں کے لیے سوال و جوا ب کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں سوسائٹی کے حوالے سے بچوں نے سوالوں کے جوابات دیئے اور انعامات جیتے۔ چوہدری عبدالحمید نے تمام ممبران کا اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرونا وباء کے باوجود سوسائٹی میں 120 ممبران کا اضافہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے جہاں بہت سے مقاصد ہیں ان میں ایک جمہوری روایات کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔

پروگرام کے آخر پر سوسائٹی کے مرکزی رہنما راشد علی اعوان نے دعا کرائی اور ممبران کی تواضع پرتکلف کھانوں سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!