کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب ،ملالہ کا خطاب، انعام بٹ اور بسمہ معروف نے تاریخ رقم کردی

0

برمنگھم(نمائندہ خصوصی)کامن ویلتھ گیمز 2022 کا افتتاح برمنگھم کے ایلیگزینڈر سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب سے ہو گیا ہے اور آج کھیلوں کا باقاعدہ آغاز بھی ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب کو معروف ٹی وی سیریز پیکی بلائنڈرز کے ڈائریکٹر سٹون نائٹ نے ڈائریکٹ کیا جبکہ تقریب کے کری ایٹو ڈائریکٹر پاکستانی نژاد برطانوی اقبال خان تھے۔

کامن ویلتھ گیمز 2022 کی افتتاحی تقریب میں ملکہ برطانیہ کی جگہ پرنس چارلس نے شرکت کی جبکہ کامن ویلتھ ممالک کے عوام کے نام ملکہ برطانیہ کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا اور 1958 سے آج تک مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی ویڈیو دکھائی گئی۔

رنگا رنگ تقریب کے آغاز میں برطانوی رائل ایئر فورس کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور گیمز میں شامل ٹیموں کا مارچ پاسٹ ہوا جس میں سب سے پہلے آسٹریلیا کا دستہ میدان میں داخل ہوا۔

تقریب میں پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور خصوصی ڈاکومنٹری چلائی گئی جبکہ ملالہ یوسف زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب میں آنا اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے 72 ممالک کے ایتھلیٹس کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معاشرے میں شرکت اور سکولوں تک سب کی رسائی ضروری ہے۔

تقریب میں پاکستان کا 103 رکنی دستہ بھی شریک ہوا، مارچ پاسٹ میں ریسلر انعام بٹ اور ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے پاکستانی دستے کی سربراہی کی۔

علاوہ ازیں 68 پاکستانی کھلاڑی 12 مختلف کھیلوں میں اپنے جوہر دکھائیں گے،ان میں 27 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!