پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کی سابقہ ٹیم 10 اگست 2022 سے بحال

0

ایک معاہدہ کے مطابق عامر سہیل گھمن اپنے سابقہ عہدہ پر بطور صدر بحال

معاہدہ پر پی ایم ایل این،یو اے ای کے صدر غلام مصطفیٰ مغل اور جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال کے دستخط موجود ہیں

پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے صدرعامر سہیل گھمن نے محمد شہزاد بٹ اور غلام محی الدین کو بطور سینئر نائب صد ر مقرر کر دیا

پی ایم ایل این دبئی کو کھویا ہوا مقام ایک سال کی تگ و دو کے بعد واپس ملا،شہزاد بٹ

ہم دبئی میں پاکستان مسلم لیگ ن کو مضبوط اور محمد نواز شریف کے بیانیے کو عام کریں گے،صدرعامر سہیل گھمن

دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کی سابقہ ٹیم کو اس کا کھویا ہوا مقام ایک سال کے بعد واپس مل گیا اور ایک معاہدہ کے مطابق مسلم لیگ ن دبئی کی ساری ٹیم اپنے سابقہ عہدوں پر بحال ہو گئی ہے۔

اس موقع پر پی ایم ایل این دبئی کے صدرعامر سہیل گھمن نے دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں پی ایم ایل این منارٹی ونگ یو اے ای کے صدر جان قادر، سینٹرل ورکنگ کمیٹی (CWC) کے ممبر محمد شہزاد بٹ،غلام محی الدین، عبدالرزاق گجر،آصف ٹھاکر،سرفراز باجوہ،حاجی محمد یونس،وقاص گھمن،چودھری سجاد،عامر زیب اور دیگر ممبران و عہدیداران پی ایم ایل این دبئی نے شرکت کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم ایل این دبئی کے صدرعامر سہیل گھمن نے کہا کہ ایک سال قبل مروجہ قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پی ایم ایل این دبئی کی اچھی بھلی کام کرتی ٹیم کے مقابلے میں ایک اور ٹیم کو لانچ کر دیا گیا جو ہمارے ساتھ سرا سرزیادتی اور نا انصافی تھی،جس کے بارے ہم نے پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے صدر اسحاق ڈار، پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرزکے جنرل سیکرٹری چودھری نور الحسن تنویر، پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرزکے چیف کوآرڈینیٹر امجد ملک اور مسلم لیگ ن کی دیگر قیادت کو آگاہ کیا اور خود قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ٹیم کی بحالی کی کوشش کرتے رہے۔

اس سلسلہ میں ہم نے پی ایم ایل این، یو اے ای کے صدر غلام مصطفیٰ مغل اور جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال سے متعدد ملاقاتیں کیں، احتجاج ریکارڈ کروایا اورپی ایم ایل این دبئی کی اصل ٹیم کو بحال کروانے کی تگ و دو کرتے رہے۔

آخر کار ایک میٹنگ کے دوران پی ایم ایل این، یو اے ای کے صدر غلام مصطفیٰ مغل اور جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال نے اپنے دستخطوں سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے عامر سہیل گھمن کا سابقہ عہدہ بطورصدر پی ایم ایل این دبئی 10 اگست 2022 سے بحال کر دیا ہے۔

عامر سہیل گھمن نے بطورصدر پی ایم ایل این دبئی بحال ہوتے ہی ایک پریس کانفرنس میں پی ایم ایل این دبئی کی ساری سابقہ ٹیم کو بحال کرتےہوئے محمد شہزاد بٹ اور غلام محی الدین کو بطور سینئر نائب صد ر مقرر کر دیا ہے،اس موقع پر (CWC) کے ممبر اور سینئر نائب صد ر پی ایم ایل این دبئی محمد شہزاد بٹ نے کہا کہ پی ایم ایل این دبئی کو کھویا ہوا مقام ایک سال کی تگ و دو کے بعد واپس ملا، جس پر ہم پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

پی ایم ایل این منارٹی ونگ یو اے ای کے صدر جان قادرنے بحال ہونے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور مل کر ساتھ چلنے کا اعلان کیا، اس موقع پرپی ایم ایل این دبئی کی ٹیم نے اس بات کا عزم کیا کہ ہم دبئی میں اپنی ٹیم کو مضبوط کرتے ہوئے اپنے قائدمحمد نواز شریف کے بیانیے کو آگے بڑھائیں گے اور مسلم لیگ ن کے ووٹ بینک میں اضافہ کریں گے تا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جیتے۔

آخر میں عامر سہیل گھمن نے فارغ ہونے والی ٹیم کے ارکان سے کہا کہ وہ بھی اگر ہمارے ساتھ مل کر پارٹی کے لئے کام کرنا چاہیں تو ہم انہیں بھی خوش آمدید کہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!