اوسلو:تحریک کشمیرناروے کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف نارویجن پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

0

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے،سیاسی و سماجی رہنمائوں کا مظاہرے سے خطاب

کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لیے اوسلو کے مختلف مقامات سے سائیکل ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا

اوسلو(عقیل قادر) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو تین برس مکمل ہونے پر اوسلو میں تحریک کشمیر ناروے کی جانب سے نارویجن پارلیمنٹ کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لیے اوسلو کے مختلف مقامات سے سائیکل ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا اور اسکا اختتام پارلیمنٹ ہائو س کے سامنے ہوا، احتجاجی مظاہر ے کا آغاز قاری محمود الحسن چشتی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔

اوسلو کے ڈپٹی میئر عبداللہ علیس بیگ، اوسلو میں کلچر اور کھیلوں کے چیئرمین عمر سامی گمال، نارویجن اوورسیز فورم کے چیئرمین اطہر علی، تحریک کشمیر ناروے کے نائب صدر راجہ مقبول حسین ، اوسلو سٹی کونسل کے ممبر شعیب سلطان اور تحریک کشمیر ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔

عبداللہ علیس بیگ نے تین سال قبل بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے انتہا پسند انہ نظریات کا پرچار کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

عمر سامی گمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہونے والی قتل و غارت پر ایک کمیشن بنایا جائے تاکہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

تحریک کشمیر ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کے ذریعے خطے کا استحکام تباہ کر رہا ہے۔ راجہ مقبول حسین نے کہا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ، آزادی کی جنگ جاری رہے گی۔

شعیب سلطان نے کہا کہ جموں و کشمیردنیا میں ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے جس کا حل خطے میں امن کی ضمانت ثابت ہو گا۔ تحریک کشمیر ناروے کے جنرل سیکریڑی چوہدری رفاقت علی اور میڈیا ایذوائزر ا نعام اللہ سیٹھی نے مظاہرے کو کامیاب بنانے کے لیے مرکزی کردار ادا کیا۔مولانا سلیم اللہ علوی نے کشمیر کی آزادی اور دنیا میں امن کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!