پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا اور MAPIM کے پلیٹ فارم سے امدادی فنڈ قائم

0

پاکستانی بھائیوں کی امدا دکیلئے اوورسیز بھائی سامنے آئیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں،ہائی کمشنر آمنہ بلوچ

ہم مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے،چیگو عظمیی بن عبدالحمید

کوالالمپور(محمد وقار خان)پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا اور ملائشین اسلامی فلاحی تنظیم MAPIM کے پلیٹ فارم سے ملائیشیا میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا گیا، اس فنڈ کے اجراء کے لیے ہائی کمیشن آف پاکستان میں ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں لوکل اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ مختلف مقامی فلاحی تنظیموں کے عہدے داران نے بھی شرکت کی ۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر آ ف پاکستان محترمہ آمنہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اپنی 70 سالہ تاریخ کی سب سے بےرحم مصیبت کا شکار ہے اور ایسے میں ہم نے اپنے بھائیوں بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑنا، پاکستانی بھائیوں کی امداد کے لئے ہمیشہ کی طرح ان کے اوورسیز بھائی سامنے آئیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں، محترمہ آمنہ بلوچ نے ملائیشین فلاحی تنظیم MAPIM کے پریذیڈنٹ چیگو عظمیی بن عبد الحمید کو خطاب کی دعوت دی ۔

پاکستانی صدارتی ایوارڈ یافتہ چیگو عظمیی بن عبدالحمید نے کہا کہ ہم اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، ہمارے اسلامی بہن بھائی، ان کے چھوٹے چھوٹے بچے اور مال اسباب سب بپھرے ہوئے پانی کے رحم و کرم پر ہیں، ہمیں ان کے لئے کھانا اور ادویات کا انتظام کرنا ہو گا، جلد ہی سردیوں کا موسم شروع ہونے کو ہے، اس لیے ہمیں ان کو کو جلد از جلد بھرپور امداد فراہم کرنا ہے،جس میں کمبل، کپڑے، ادویات، کھانے کا سامان اور دوسری اشیائے ضرورت شامل ہیں۔

اس نیک مقصد کے لیے ہمارا ساتھ دیں اور اپنے پاکستانی بھائیوں کے لئے ہمارے ساتھ ساتھ شانہ بشانہ چلیں اور جیسے ہم ہمیشہ دیگر اسلامی امہ کی امداد کے لیے حاضر خدمت ہوتے ہیں، اپنے پاکستانی بھائیوں کی امداد کے لیے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ملائشین پارلیمنٹ کی YB سینیٹر فضلینہ داتو ڈاکٹر صدیق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم پاکستانی بھائیوں سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہیں، اور ہمارے بہن بھائی خود کو اس مصیبت میں تنہا نہ سمجھیں، ہم سرکاری اور عوامی سطح پر ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، دنیا بھر میں مسلمان برادری کے ہر قسم کے غم اور خوشی کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اس دفعہ بھی ہم اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ قدم با قدم کھڑے ہیں، ہم اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔

معروف دوشل ورکر اور ثانی گروپ آف کمپنیز کے CEO ڈاکٹر احمد ثانی عرابی الخیری نے بیان کیا کہ ہم اپنے پہلے سے جاری فلاحی کاموں کو حصوں میں تقسیم کریں گے، کارکنان کا ایک حصہ ملائشیا میں کام کرتا رہے گا، دوسرا کارکنان کا حصہ پاکستان جاکر امدادی کاموں میں حصہ لے گا، جبکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ایک حصہ پہلے سے سرزمین ” شام ” میں مصروف عمل ہے، وہ اپنا کام کرتے رہیں گے تاکہ ہم دنیا کے ہر کونے میں کسی بھی مصیبت میں مبتلا اپنے مسلمان بھائی کو تنہا نہ چھوڑیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!