برطانیہ کے فلاحی ادارے فٹ بال فار پیس کی سیلاب متاثرین کیلئے امداد پاکستان پہنچ گئی

لندن(تارکین وطن نیوز)برطانیہ کے فلاحی ادارے فٹ بال فار پیس کی جانب سے ریلیف اشیاء لے کر برٹش ائیرویز کی خصوصی پرواز پاکستان پہنچ گئی۔ امدادی راشن، ادویات اور کپڑوں پر مشتمل سامان ائیر پورٹ پر فٹبال فار پیس کی طرف سے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حوالے کیا گیا۔

یہ امدادی اشیاء سرور فاؤنڈیشن کے اشتراک سے چارسدہ کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی جبکہ سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے چارسدہ کے ایک ہزار مزید خاندانوں میں ایک ایک ماہ کا راشن کا سامان بھی تقسیم کیا جائے گا۔ فٹ بال فار پیس سیلاب زدہ علاقوں میں سرور فاؤنڈیشن کے ساتھ ملکر کام کرے گی جبکہ چوہدری سرور کی ہدایت پر چارسدہ میں تین روزہ میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے جس سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں متاثرین استفادہ کر رہے ہیں۔

ان میڈیکل کیمپس پر مفت ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹیسٹوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ پیٹرن انچیف سرور فاؤنڈیشن چوہدری محمد سرور نے سامان وصول کرتے ہوئے فٹ بال فار پیس کے اعتماد پر اس کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص کاشف صدیقی، سمیعہ قریشی اور دیگر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی، انہیں راشن، ادویات، کپڑوں اور ادویات کی فراہمی میں فٹبال فار پیس، یونیورسل ائیر ایکسپریس، ہینلی، برٹش ائیرویز اور سنو لیپرڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے سرور فاؤنڈیشن چارسدہ سمیت دیگر منتخب علاقوں کے متاثرین کیلئے کام کرے گی۔

اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستانیوں ساتھ دیا ہے۔ حالیہ آزمائش میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں اور برطانیہ کے فلاحی اداروں کے تعاون سے سرور فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کی ریلیف کیلئے کام کرتی رہے گی اور ان کی بحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایڈریان، جوش نارمن، ایڈی بایو ایکینفینوا، بیکیری سگنا اور چرنا سامبا سمیت فٹ بال کھلاڑی پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے آگاہی اور امدادی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے برٹش ائیرویز میں فرائض سر انجام دینے والے اوورسیز پاکستانیوں کیا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Football for PeaceSarwar Foundation
Comments (0)
Add Comment