منہاج القرآن انٹرنیشنل میونخ جرمنی کے زیراہتمام سالانہ محفل میلادالنبیؐ کا انعقاد

میونخ(انصر اقبال بسرا)سالانہ محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم منہاج القران انٹرنیشنل میونخ جرمنی کے زیراہتمام جامع مسجد صوفیاء منہاج القران میونخ میں منعقد ہوئی۔

ڈائریکٹرمنہاج القرآن انٹرنیشنل میونخ علامہ سید فرحت حسین شاہ بخاری نے اپنے صدارتی خطبہ میں دور و نزدیک سے آنے والے معزز مہمانوں اور عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے یہ محافل ایمان کی تازگی، سلامتی اور کثرت کا باعث بنتی ہیں اور یہی وہ اعمال ہیں جن کی بدولت انسان مقبول باری تعالیٰ بن جاتا ہے۔

ڈائریکٹر منہا ج القرآن لندن علامہ حافظ محمد ذیشان قادری نے اپنے انتہائی ایمان افروز انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے سےنعمتوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔اپنی تاریخ یعنی ہسٹری کو یاد رکھنا پڑھنا اور پڑھانا زندہ قوموں کی نشانی ہوا کرتی ہے، لہٰذا ہم میلاد منا کر اپنی ہسٹری کے سرخیل اول اپنے آقا و مولا کی تاریخ خود بھی یاد کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو بھی اس کا درس دیتے ہیں ۔دوران خطاب محفل نعرہ تکبیر و رسالت اور سبحان اللہ کی صدائوں سے گونجتی رہی۔

نعت رسول مقبولؐ رانا محمد آصف قادری فرینکفرٹ اورحافظ حامد محمود میونخ اور طہ بٹ نے پیش کی ، نوجوان طالب علم عبدالوہاب بٹ نے شان رحمت اللعالمین کے موضوع پر بہت شاندار اور ایمان افروز خطاب کیا۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹرچن نصیب جنرل سیکرٹری منہاج القران جرمنی اورمحترم چودھری محمد عرفان گجر ناظم منہاج القران میونخ نے ادا کئے۔محفل میں خواتین کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اختتام پر درودوسلام کے بعد علامہ سید فرحت حسین شاہ بخاری نے امت مسلمہ،وطن عزیز پاکستان اور جرمنی بھر کے اہل ایمان کیلئے خصوصی دعا کی۔

نماز عشاء کے فورا ًبعد لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا جو شرکاء کی خدمت میں پیش کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment