اوڈنسے(نواز مرزا سے )ڈنمارک کے شہر اوڈنسے میں ادارہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام آٹھ سے اَٹھارہ سال کی عمر کے بچوں کے لیے چار روزہ ارکان اسلام کورس کا اہتمام کیا گیا۔جس میں بچے اور بچیوں نے بھر پورشرکت کی۔
ارکان اسلام کورس کا مقصد دیار غیر میں بچوں کو اسلام کے بنیادی ارکان توحید ، نماز ، روزہ ، زکوٰۃ ،حج ، اذان ، اور وضو کا طریقہ کے ساتھ ساتھ اچھے اخلاق بہتر طور پر ڈینش معاشرے میں ایک اچھے مسلمان کے طور پر کردار ادا کرنا اور بچوں کو سوشل میڈیا کے بارے میں آگاہی بھی شامل تھی جس کے لئے ملٹی میڈیا ، پروجیکٹر اور یوٹیوب کے ذریعے ان کے استعمال کے مثبت اور منفی پہلو پر بچوں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے۔
صدر ادارہ منہاج القرآن اوڈنسے محترم علامہ محمد ندیم یونس نے روزہ اور زکوٰۃ کے بارے میں بچوں کو بتاتے ہوئے ان ارکان کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔عامر حسین، علامہ شاہد ریاض، ماریہ مبین شاہ اور صائمہ حسنین نے بچوں کو ڈینش اور اردو زبان میں توحید، وضو اور نماز کے فرائضِ اور احکام کے بارے میں بتایا ۔
ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن اوڈنسے محترم علامہ محمد حسنین فرید نے ارکان اسلام اور سوشل میڈیا کے احوالے سے بچوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ آپ کے بچے ہی آپ کا سرمایہ ہیں ان پر خصوصی توجہ دیں اور تمام والدین اپنے بچوں کو باقاعدگی سے ادارے میں لائیں تاکہ ہم سب مل کر ان کی اچھی دینی و دنیاوی تربیت کرسکے اور وہ بڑے ہوکر اس سوسائٹی میں اپنا کردار ادا کرکے ڈنمارک کو ترقی کی نئی راہ پر ڈال سکے۔
انہوں نے تمام انتظامیہ کی محنت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اوڈنسے کیمونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بچوں کے والدین نے ادارہ منہاج القرآن اوڈنسے کی انتظامیہ اور شیخ الا اسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن کے دروازے دنیا بھر میں اور بالخصوص اوڈنسے میں جس طرح بچوں کے لیے کھولے ہوئے ہیں اور ان کو اسلام کے ساتھ ساتھ دنیاوی علم سے روشناس کروایا جاتا ہیں اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔کورس کے آخری دن پر بچوں نے نفلی روزہ بھی رکھا اور تمام شرکاء کے لئے افطاری کا اہتمام تھا ۔