پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالر حمیرا کریم کے لیے دولتِ مشترکہ تنظیم برائےکیمیا کا عالمی اعزاز

لندن(نیوز ڈیسک)ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کی ایک پی ایچ ڈی طالبہ حمیرا کریم نے حال ہی میں کامن ویلتھ (دولتِ مشترکہ) کیمسٹری، فیڈریشن آف کیمیکل سائنسز سوسائٹیز برطانیہ کے تحت ستمبر 2022میں منعقدہ آن لائن تھرڈ کامن ویلتھ کیمسٹری پوسٹر مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ریسرچ اسکالر حمیرا کریم ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔

ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس ہونہار طالبہ نے حیاتیاتی تنوع اور قدرتی مرکبات کی تھیم کے تحت 180پوسٹرز پریزینٹیشن کے درمیان دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اس عالمی مقابلے میں 31ممالک کے اسکالر شرکت کر رہے تھے۔

منتظمین کی جانب سے حمیرا کریم کو نہ صرف سرٹیفکیٹ بلکہ 500پاونڈ اسٹرلنگ بھی دیئے گئے،بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے حمیرا کریم کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالبہ کو اس کا میا بی پر مبارکباد دی ہے۔

humera kareem PHD
Comments (0)
Add Comment