عشائیے میں یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ خصوصی طور پر شریک ہوئیں
برسلز (حافظ اُنیب راشد) بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تاجروں نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفارتخانے کے اکنامک اور کمرشل شعبوں کی جانب سے اگست کے مہینے کے دوران کراچی میں منعقد ہونے والی پہلی بین الاقوامی فوڈ اور ایگریکلچرل نمائش میں شرکت کرنے والے تاجروں کے اعزاز میں عشائیے کے دوران کیا گیا۔
عشائیے میں یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ خصوصی طور پر شریک ہوئیں۔
اس اکٹھ کا بنیادی مقصد TDAP کی جانب سے منعقد ہونے والی اس نمائش کے بارے میں بیلجیئم سے جانے والے تاجروں کے خیالات کو جانچنا اور اس میں مزید بہتری لانے کیلئے ان کی تجاویز کو سننا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیلجیئم میں فوڈ سیکٹر کے ممتاز تاجر اور پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رانا جاوید کوثر نے اس نمائش کو ایک کامیاب شو قرار دیا اور اس کا انتظام کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران ان کی پاکستان کی کئی معروف کمپنیوں کے ساتھ تجارتی بات چیت شروع ہوچکی ہے اور بہت جلد مزید پاکستانی مصنوعات بیلجیئم کی سرزمین پر شہریوں کو دستیاب ہونگی۔
علاوہ ازیں انہوں نے اس طرح کی نمائشوں کو مزید کامیاب بنانے کیلئے اپنی کچھ تجاویز بھی دیں۔
عشائیے میں شریک دیگر تاجروں میں سے ثاقب کرامت اور جمال خان نے بھی گفتگو میں حصہ لیا اور اپنے پراجیکٹس کے متعلق سفیر پاکستان اور دیگر حکام کو آگاہی دی۔
قبل ازیں عشائیے کے میزبان اکنامک منسٹر عمر حمید نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس اکٹھ کی غرض و غائیت بیان کی ۔
انہوں نے کہاکہ بنیادی طور پر تجارت کرنا تاجروں کا کام ہے لیکن ملکی معیشت میں بہتری کیلئے ہم سب کو اپنی اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان آمنہ بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ پاکستانی معیشت میں اس کے ڈائس پورہ کا ہمیشہ سے ہی ایک اہم کردار رہا ہے ۔ جس کی اہمیت کو ہر حکومت نے سمجھا اور ہمیشہ سراہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے والے تاجروں کی جانب سے پاکستان کی ایکسپورٹس میں اضافے کی حکومتی کوششوں کو پذیرائی حاصل ہوگی اور ان کی جانب سے دی جانے والی تجاویز ان نمائشوں کومزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہونگی۔
عشائیے میں موجود تاجروں نے اکنامک منسٹر عمر حمید اور کمرشل سیکٹری رانا بلال خان کے کام کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ سفارت خانے کے دونوں عہدیدار اپنی لگن اور اپنے رابطوں میں گرمجوشی کو پہلے ہی کی طرح برقرار رکھیں گے۔
عشائیے میں سفیر پاکستان نے دونوں خطوں کے درمیان تجارتی روابط میں اضافے اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے تجارتی میدان میں مواقع فراہم کرنے کیلئے پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کام کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستانی ڈائس پورہ اپنے ملک میں تجارت کے فروغ کیلئے کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس عشائیے میں جن دیگر افراد نے شرکت کی ان میں ایگزوٹک سٹی کے بلال سرور، تفہیم جاوید اور ایچ او سی محمد عدیل بھی شامل تھے۔