سویڈن، پاکستان کے ساتھ تعلقات مزیدمستحکم کرنا چاہتا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ساؤتھ ایشیا نیکولس تروو
سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سفارتخانہ پاکستان سٹاک ہوم میں 13 دسمبر لوسیا ڈے اور کرسمس کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سویڈن میں مقیم پاکستانی مسیحی کمیونٹی سمیت سویڈش فارن افیئرز ،سویڈش گلوکاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔
اس تقریب میں خصوصی طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ساؤتھ ایشیا نیکولس تروو نے شرکت کی جبکہ ان کیساتھ سویڈش فارن افیئرز سے کرسٹینا ،پاکستان میں چالیس سال سے زائد ہیلتھ کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والی خاتون ستارہ امتیاز صوفی ایکمان،سویڈن کی معروف گلوکارہ پاولینا ،سویڈن کی شاہی میوزیشن صوفیا کرسچن ،ڈیموکریٹ پارٹی کی رہنما آندرش ٹائیگر،سویڈش مصنف یوآنس سعید،مذہبی سکالر پاکستانی صدارتی ایوارڈ یافتہ مصنف ایمانوئل راتق،پاکستانی سکالر مصنف قیصر ،انڈو پاک ایکومینیا چرچ ہالندا کے پاسٹر بوآز کامران،پاسٹر اقبال مسیح ،کاروباری و سیاسی شخصیات مسعود منہاس،سعید شیخ ،عرفان نیاز چوہدری ،عمران کھوکھر و دیگر مدعو تھے۔
تقریب میں سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور فرسٹ سیکرٹری سیدہ وردہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا ،تقریب کا آغاز اندو پاک ایکومینیا چرچ کی ٹیم سویڈش گلوکارہ پاولینااور صوفیا نے سویڈش انگلش اور اردو میں روائتی مذہبی گیت گا کر کیا جبکہ مذہبی سکالر صدارتی ایوارڈ یافتہ مصنف ایمانوئل راتق نے حضرت عیسی پر لکھی ہوئی اپنی نظم پیش کی ۔
تقریب سے اپنے خطاب میں سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کہا کہ آج 13 دسمبر لوسیا ڈے کینڈل لائٹ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں آج سے باقاعدہ طور پر کرسمس کی تقریبات کا آغاز ہو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ سویڈش معاشرہ اور مسیحی برادری میں لوسیا ڈے کی بہت اہمیت ہے، سفیر پاکستان نے مسیحی برادری کو لوسیا اور کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان کے عمل میں عیسائی برادری نے بھرپورکردار ادا کیا ہے کیونکہ یہ کمیونٹی پاکستانیت کےجذبے سے بھی معمور ہے، کرسمس کا دن ہمیں نئی امیدوں اور منصوبوں کی شروعات ، تحقیقی صلاحیتوں کو اجا گرکرنے تنازعات کے حل اور آنیوالی نسلوںکے بہتر مستقبل کے لیے امن اور تعاون کو فروغ دینے کا درس دیتا ہے۔
مسیحی اور دیگر اقلیتیں ہمارے بھائی ہیں جنھیں آئین پاکستان میں مکمل تحفظ اور حقوق دیے گئے ہیں اور ان حقوق کا تحفظ ہر پاکستانی کی ذمے داری ہے ۔سفیر پاکستان نے سویڈن اور پاکستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نارڈک خطے کے ایک اہم ملک کے طور پر سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان سویڈن کےساتھ تمام شعبوں باالخصوص سیاسی، دفاعی، تجارتی، اقتصادی، تعلیمی اور تکنیکی تعاون میں اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کاخواہاں ہے۔
سفیرپاکستان نے 2024 میں پاکستان اور سویڈن کے سفارتی تعلقات کے 75 سال پورے ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان سویڈن کیساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، سفیر پاکستان نے بات کرتے ہوئے مظلوم کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب کی مہمان خصوصی نیکولس تروو نے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے انعقاد پر سفیر پاکستان اور شرکا کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی انہوں نے سویڈن اور پاکستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن اور پاکستان کے درمیان تعلقات مستقبل کے حوالے سے ہیں کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز جیسے پائیدار ترقی اورموسمیاتی تبدیلی سمیت جمہوریت اور انسانی حقوق جیسی بنیادی اقدار سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے دوطرفہ تعاون کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال پاکستان اور سویڈن سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔ انہوں نے دوطرفہ مذاکرات اور باہمی فائدہ مند روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر زوردیا ،تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے تمام مہمانوں کو تحائف پیش کیے جبکہ سفیر پاکستان اور مہمان خصوصی نیکولس تروو نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا ۔