ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے،چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید
برسلز (نمائندہ خصوصی) بلجیئم کے دارالحکومت برسلزمیں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے چار فروری بروز اتوار شام پانچ بجے شمعیں روشن کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا جائے گا۔شمعیں روشن کرنے کا یہ پروگرام کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام برسلز کے سنٹرل اسٹیشن کے قریب پلس ڈی ایل البرٹائن کے مقام پر ہوگا۔
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے پروگرام کے بارے میں اپنے ایک بیان میں بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو ہرسال یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برسلز میں پروگرام منعقد کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا اور دنیا کی توجہ کشمیریوں کے مصائب کی طرف دلوانا ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے رہیں گے۔
انھوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام پر اپنی فوج کے ذریعے تشدد اور مظالم ڈھا رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیرمیں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی اور کالے قوانین اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کوسنگین دباؤمیں رکھاہواہے لیکن بھارت کی طرف سے مظالم اورتشدد جیسے حربوں اور کالے قوانین سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا۔ یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے اپنا مؤثر کرداراداکرے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید اتوار کے روز امریکہ میں جسٹس فار آل تنظیم کے زیراہتمام ایک تقریب سے آن لائن خطاب کریں گے۔ وہ پیر پانچ فروری یکجہتی کے روز بھی لندن (برطانیہ) میں پاکستانی ہائی کمیشن، برلن (جرمنی) میں سفارتخانہ پاکستان، پراگ (جمہوریہ چیک) میں سفارتخانہ پاکستان اور ملبرن (آسٹریلیا) میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے زیراہتمام پروگراموں کے دوران آن لائن خطاب کریں گے جبکہ دی ھیک (ہالینڈ) میں سفارتخانہ پاکستان کی تقریب میں بہ نفس نفیس شریک ہوں گے۔
ادھر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے برسلز میں گذشتہ روز ایک تقریب کے دوران پاکستان کے نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں یورپ میں مسئلہ کشمیر پر جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیرخارجہ نے کشمیرکونسل ای یو کی مسئلہ کشمیر پر جدوجہد کو سراہا۔علی رضا سید نے پاکستانی وزیرخارجہ کو آگاہ کیا کہ کشمیرکونسل ای یو یورپ میں مسئلہ کشمیر پر آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔