ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ سے) اسلامی جمہوریہ ایران کے زیر اہتمام ایرانی سفیر کی رہائش گاہ ڈبلن میں اسلامو فوبیا پر ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی ،ترکی ،یو اے ای ، ملیشیا اور دیگر ممالک کے سفیروں کے علاوہ آئرش بیوروکریٹس،تجزیہ کار اور مختلف تنظیمات کے قائدین جن میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ،نیشنل ایڈوائزری کمیٹی منہاج القرآن آئرلینڈ کے چیئرمین سولسٹر چوہدری عمران خورشید اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر کاظم شریف کاظمی نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اجلاس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ آج بہت سے ممالک میں اسلاموفوبیا کا رحجان پھیل چکا ہے جبکہ اسلام انسانیت کی تکریم و حفاظت اور باہمی رواداری کی تعلیمات پر مشتمل الوہی نظام حیات ہے، اسلام بین الاقوامیت کا حامی ہے اور فساد الارض کو ایک بڑا فتنہ قرار دیتا ہے ۔
حاضرین نے مزید کہا کہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے بات چیت اور مکالمے کی اہمیت پر زور دینا ہوگا ،بات چیت یا مکالمہ بہت اہم ہے اور اس کے ثمرات مثبت ہوتے ہیں،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس کا اسلامو فوبیا پر ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا اور اسلامو فوبیا پر ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی ۔
آخر میں ایرانی سفیر ڈاکٹر کاظم شریف کاظمی نے کہا کہ ہم بہت جلد مسلم کمیونٹی سے رابطہ کر کے انہیں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر تجاویز سے آگاہ کریں گے تو دوسری طرف غیر مسلم کمیونٹی سے بھی رابطہ کر کے ان کے ذہنوں میں اسلام کے بارے میں جو منفی تصورات کو ختم کر کے باہمی احترام ،امن اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا ۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر کاظم شریف کاظمی نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تواضع بہترین افطار ڈنر سے کرائی گئی۔