مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) بین الاقوامی نعت کونسل برطانیہ شعبہ خواتین کی صدر متحرک سماجی و مذہبی شخصیت رضیہ چوہدری نے مانچسٹر کے مقامی ریسٹورنٹ ہال میں افطار پارٹی کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کے بینائی سے محروم افراد کی مدد کے لیے چندہ جمع کیا گیا۔
قونصل جنرل پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر طارق وزیر خان ، سابق پاکستانی کرکٹر طارق ، ممتاز ادبی شخصیت صابر رضا ، ذوالفقار مہر،عمران خلیل ، نغمانہ شیخ و دیگر سرکردہ شخصیات کے ساتھ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کی بحالی و مدد کے لیے دل کھول کر عطیات پیش کیے۔
قونصل جنرل طارق وزیر خان کا کہنا تھا کہ افطار پارٹی کی خاص بات بینائی سے محروم افراد کی بحالی اور مدد بارے چندہ جمع کرنا تھا جو کہ خوش آئند ہے، کمیونٹی نے ہمیشہ کی طرح دل کھول کر عطیات دیئے پاکستانی کمیونٹی مادر وطن کے لیے برطانیہ میں بے پناہ خدمات انجام دے رہی ہے ۔
سابق کرکٹر طارق کا کہنا تھا کہ ایسی روحانی تقریبات سماجی رابطوں کے لیے کردار ادا کرتی ہیں جس سے کمیونٹی کے اندر باہمی ہم آہنگی کے ساتھ اتحاد و اتفاق پیدا ہوتا ہے۔ ممتاز ادبی شخصیت صابر رضا نے کہا کہ رضیہ چوہدری کا دین اور دنیا سے محبت کا لازوال رشتہ ہے جسکی زندہ مثال آج کی روحانی محفل ہے۔
عمران خلیل کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں ہمیں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کرنی چاہیے ۔نغمانہ شیخ کا کہنا تھا کہ افطار کی بابرکت و روحانی محفل میں ہم نے اللّٰہ تعالیٰ اور آقائے کائنات کا نام لیکر دلی سکون محسوس کیا ۔
ذوالفقار مہر اور روحانی محفل میں شریک دیگر افراد نے بھی رضیہ چوہدری کی سماج کے لیے انتھک خدمات کو قابل ستائش کہتے ہوئے باقیوں کے لیے قابل تقلید قرار دیا ۔ میزبان رضیہ چوہدری نے تمام مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں نے آج پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کی بحالی و مدد کے لیے کمیونٹی سے عطیات کی درخواست کی جس پر سب نے دل کھول کر مالی مدد کی ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ دوبارہ ہمیں ماہ رمضان کی برکتوں سے فیضیاب کرے۔برطانیہ میں رضیہ چوہدری جیسی سماج کی بہتری کے لیے متحرک پاکستانی نژاد برطانوی شہری خواتین کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا اور جانا جائے گا۔