ہیمبرگ/برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) جرمنی کے صنعتی و ساحلی شہر ہیمبرگ میں سیاسی جماعتوں سے بالا تر ہوکر پاکستان کمیونٹی، معزز اراکین نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہیمبرگ کے کمیونٹی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔
پارٹی میں شرکاء کے لیےمیوزک نائٹ، بچوں میں خصوصی عید گفٹ اور معروف شخصیات شوکت قریشی، استاد حسین بخش خان گلو کے اہل خانہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئیں۔
عید ملن پارٹی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ،نہل سلیم اور پارس سلیم نے تلاوت کا شرف حاصل کیا،ہیمبرگ شہر کے مرکز میں قائم مقامی ہال میں منعقدہ عید ملن پارٹی میں ہیمبرگ شہر کے کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات نے فیملی سمیت شرکت کی۔
عید ملن پارٹی کے ذمہ داران نے پاکستانی کمیو نٹی کے غیر سیاسی متحرک کمیٹی بنانے کا اعلان کیاجس کے ذریعے کمیونٹی کے مسائل حل کرنے، سفارتخانے کے ساتھ بہترین تعلقات اور سفیر پاکستان کو کمیو نٹی سے براہ راست ملاقات کرانے اور مسائل کو اجاگر کرنے کا عزم کیا۔
کمیٹی نے یوم آزادی کو یادگاری و بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ،عید ملن پارٹی میں برطانیہ کی مشہور گلوکارہ عاسیہ ثمن نے مشہور شاعروں ولکھاریوں کے گانے گا کر اپنی ٹیم کے ساتھ عید ملن پارٹی کے شرکاء پر اپنی مشاق گائیکی سے سحر طاری کر دیا، شرکاء نے یکے بعد دیگرے ٹپس اور گیت گا کر اپنا شوق بھی پورا کیا اور محفل کو مزید رنگین بنایا۔
ہیمبرگ شہر کی معروف سماجی شخصیات جہانگیر سلیم،فرید شاہ، رانا جاوید سرور، ندیم رانا عامر محمود شارق عباس ودیگر ذمہ داران نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا،تقریب کے شرکاء کو لاہوری چکڑچھولے، گرما گرم نان ،قورمہ، پلائو، زردہ، جلیبی، چائے اور مختلف لوازمات سے مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔
اس موقع پر گلوکارہ ثمن محفل میں تاریخی گانے گا کر شرکاء محفل کو لبھاتی رہیں اور یوں یہ پرلطف محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔