برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) پاکستان پیپلزپارٹی برلن کی جانب سےبرلن کے مقامی ریستوارن میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا 71 واں یوم پیدائش پرجوش طریقے سے منایا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے بینظیربھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور سالگرہ کا کیک کاٹا، سالگرہ تقریب پیپلزپارٹی برلن کے صدر منظور اعوان کی صدارت میں شروع ہوئی، تقریب کا آغاز جنرل سیکرٹری اکمل لطیف نے کیا ۔
تقریب میں پیپلزپارٹی برلن کے سینئر رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ بینظیربھٹو کی سوانح عمری اور سیاسی وسماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہونے والی بے نظیر بھٹو عالمی اور ملکی سیاست میں اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ایک منفرد اور نمایاں مقام رکھنے والی شخصیت تھیں۔
بے نظیر بھٹو نے کم عمری میں ہی کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں سٹوڈنٹ لیڈر بھی رہ چکی تھیں، 1977 میں اپنے والد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری کے بعد وہ میدان سیاست میں اتریں، اپنی والدہ بیگم نصرت بھٹو کے ہمراہ انہوں نے آمریت کا خوب مقابلہ کیا۔27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لياقت باغ میں جلسے کے بعد ان پر جان ليوا حملہ ہوا جس میں عالمی و علاقائی سیاست میں نمایاں مقام رکھنے والی محبوب لیڈر عوام سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوگئیں۔
اس موقع پر ملک اسماعیل قیصر، مجاہد شاہ ، میاں مبین اختر، ملک ایوب اعوان،سابق انفارمیشن سیکریٹری ظہور احمد، نائب صدر عابد بلوچ نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہیدنئی امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں، بینظیر بھٹو کی قیادت ویژن، اقدار اور ترقی کا مجسم نمونہ تھی،انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یومِ پیدائش ہونے کے باعث 21 جون قوم کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ،ہماری قوم نے لیڈر کی قدر نہیں کی۔
مقررین نے کہاکہ ہم آج اپنی شہید لیڈر کو خراج تحسین کے ساتھ تجدیدعہد کرتے ہیں کہ ملک وقوم کی بھلائی کے لیے پارٹی کے منشور پر عمل پیرا ہو تے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرینگے ۔تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔