بارسلونا (رپورٹ:کاشف شہزاد) جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلہ میں منہاج القرآن اوہسپیتالیت کے زیر اہتمام میلاد النبیؐ کا جلوس نکالا گیا، منہاج اسلامک سنٹر اوہسپیتالیت سے شروع ہونے والا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسلامک سنٹر پہنچ گیا ،اہل اسلام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جلوس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور راستہ بھر نعت خواں مدحت رسول ﷺ کرتے رہے، اہل محلہ اپنے گھروں کی بالکونیوں سے اس روح رور نظارہ کو دیکھتے رہے۔
اہل محلہ کو اس دن کی اہمیت بتانے کے لئے محمد اقبال چوہدری نے اسپانش زبان میں اس دن کے حوالہ سے تفصیل سے بتایا کہ یہ دن ہمارے پیارے نبی ﷺ کی پیدائش کا دن ہے اور تمام مسلمان اس دن کوخوشی کے ساتھ اپنے نبی ﷺ کی تعریف وتوصیف کے ساتھ مناتے ہیں اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ کے مطابق گزاریں گے۔
جلوس میں مقامی بلدیہ اورسماجی تنظیم کے اسپانش مرد وخواتین نے بھی شرکت کی اور جلوس کے ساتھ چلتے رہے۔فہیم اقبال انصاری اور ان کی ٹیم نے بہترین انتظامات کئے تمام شرکا جلوس تمام راستہ نعرے بلند کرتے رہے اور اپنے ایمان کو اپنے سینوں میں تازہ کرتے رہے۔جلوس کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی۔