سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کے گھر کے باہر لیگی کارکنان کا احتجاج

لندن(نمائندہ خصوصی)سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کے گھر کے باہر لیگی کارکنان کا احتجاج جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا ہے۔اس موقع پر لیگی کارکنان نے شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے ہیں جس میں عمران خان مخالف نعرے لکھے ہوئے ہیں ۔ لیگی کارکنان کی جانب سے یہ مظاہرہ تحریک انصاف کے کارکنوں کے مظاہروں کے رد عمل میں کیا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر لیگی رہنما ناصر بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مظاہرہ ہم بہت مجبور ہو کر کر رہے ہیں،ہمارے قائد اس طرح کی چیزیں پسند نہیں کرتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ زمان پار ک کی رسیدیں کدھر ہیں؟ عمران خان زکوٰۃ چور،جھوٹے اور بنارسی ٹھگ ہیں،ہم یہاں اس لیے آئے ہیں تاکہ عمران خان کے بیٹوں اور بیٹی کو یہ بتا سکیں کے ان کے والد چور ہیں۔آرگنائزر اشد ڈار نے کہا کہ یہ مظاہرہ عمران خان کی اصلیت دکھانے کے لیے ہے ، ہم بتا نا چاہتے ہیں کہ مظاہروں کو لوگوں کے گھروں کے باہر نہ لے کر جائیں۔

اگر کسی نے احتجاج کرنا ہے تو سفارتخانوں کے باہر احتجاج کریں ،ہم بھی آپ کے خلاف وہاں ہی اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیںلیکن عمران خان نے مجبور کیا جس کی وجہ سے ہمیں یہاں آنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک تحریک انصاف کے کارکنان ایون فیلڈ کے باہر آکر احتجاج کرتے رہیں گے ہم بھی احتجاج کرتے رہیں گے۔ایک کارکن نے کہا کہ پیغام بہت سادہ ہے ،اگر آپ ہمارے گھروں کے باہر آئیں گے تو ہم آپ کے گھرو ں کے باہر آئیں گے اور یہ تب تک نہیں رکے گا جب تک آپ کو شرم نہ آئے اور آپ نہ رکے۔

Comments (0)
Add Comment