عمران خان صرف پاکستان نہیں اسلامی دنیا کا عظیم لیڈر ہے ، قاسم سوری کا سوئٹزرلینڈ میں پی ٹی آئی کے مظاہرہ سے خطاب

برن(نمائندہ خصوصی)سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے بہت بڑا مظاہرہ ہوا مظاہرہ میں پاکستانی ، کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے مظاہرہ کی کال پاکستان تحریک انصاف سوئٹزرلینڈ کی سینئر قیادت رانا شہزاد عارف گھمن چوہدری خرم شہزاد امبر جیلانی راجہ سعید محمد فہیم انصر گھمن نے دی تھی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اسکے بعد سب نے قومی ترانہ پڑھا اس موقعہ پر سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کوخودداری اور آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ غیر ملکی سازش پر اقتدار سے علیحدہ کیا گیا۔

میں نے اپنی رولنگ آئین اور قانون کے مطابق دی سپریم کورٹ کو ہمارا موقف سننا چا ہئے تھا اور خط کو پڑھنا چا ہئے تھا عمران خان صرف پاکستان نہیں اسلامی دنیا کا عظیم لیڈر ہے عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بہت دلیری سے لڑا، عمران خان نے ناموس رسالت پر دنیا کو نبی پاکﷺ کی حرمت کا پاس کرنے کا پابند کرایا انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی غلام قوم ہے کہ وہ بیرونی اشارہ پر اپنی حکومت ختم کر دیں؟ بحیثیت قوم یہ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے کہ بدعنوان عناصر اور وہ بھی باپ بیٹا ایک وزیر اعظم دوسرا بڑے صوبے کا وزیرا علیٰ بنا دیا جائے، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خاندان کے اندر ہی سب عہدے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی کرپشن کو تحفظ ملتا رہے۔ اسی لیے یہ کرپٹ لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں ۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب عمران خان پھر مسند اقتدار پر بھاری اکثریت سے فائز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی حکومت کو بالکل نہیں مانتے، انھوں نے سوئیٹزرلینڈ کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد عوام کوآگاہ کرنا ہے کہ پاکستان کے عوام بشمول اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کرپٹ خاندان کی حکومت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے، موروثی سیاست کا قلع قمع کیا جائے گا، اس موقع پر چوہدری خرم شہزاد نےعمران خان کی اس جدو جہد میں ساتھ دینے کا تمام حاضرین سے عہد لیا پروگرام میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ نعرے بھی لگائے گئے کون بچائے گا پاکستان عمران خان، شرکا نے عمران خان کی حمایت میں بینرز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

آخر میں پی ٹی آئی سوئٹزرلینڈ کے سابق صدر رانا شہزاد نے تمام حاضرین کیلئے افطاری کا اہتمام کیا۔

Comments (0)
Add Comment