لندن میں حسن نواز کے دفتر کے باہر ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے،ایک دوسرے کے قائدین کیخلاف نعرے بازی

لندن(وسیم چوہدری)موسم کی خرابی کے باوجود وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شر یف کی لندن آمد پر حسن نواز کے لندن آفس کے سامنے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نواز کے کارکن آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کے قائدین کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے لوگ لندن میں حسن نواز کے دفتر کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے تو اس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے کارکن بھی جمع ہوگئے، جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع ہوگئی۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری دونوں جماعتوں کے درمیان رکاوٹیں کھڑی کئے رہی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے تیار رہی ، پولیس دونوں جماعتوں کے اراکین کو اپنی حد سے باہر نکلنے پر روک ٹوک کرتی رہی ۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے لندن میں حسین نواز کے دفتر میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف سے ملاقات کرنا تھی لیکن مسلم لیگ ن کے پاکستان سے آئے قائدین نے اپنے قائد میاں نوازشریف سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اہم فیصلے کئے۔

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ مصروف وقت گزارا۔

Comments (0)
Add Comment