سویڈن کےسماجی ادارے پی پی این ای کے ماتحت تعلیمی اداروں میں منفرد سرگرمیوں کا آغاز

اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن کے سماجی ادارےپاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعلیمی ادارے مالمو انٹرنیشنل اسکول میں لیاری کے نادر اور غریب طلبہ کے لئے ’واو‘ ورکشاپس کا آغاز کردیا گیا، مالمو اسکول کے سربراہ اشفاق احمد کا پریس ریلیز میں کہنا ہے کہ مذکورہ سیشن ایک غیر تعلیمی سرگرمی ہے جس کا براہ راست تعلق طلبہ کی ذہن سازی سے ہے، مذکورہ سیشن میں لیاری کے ان کامیاب نوجوانان کی زندگی کا سفر نامہ پیش کیا جائے گا جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے کامیاب زندگی گزانے کا ہنر سیکھا۔

جدو جہد کرکے کامیابی سے ہمکنار ہونے والے نوجوان ’واو‘ سیشن میں اپنی زندگی کے نشیب و فراز سے لیاری کے طلبہ کو آگا ہی فراہم کریں گے تاکہ طلبہ ان نوجوانان کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرکے اپنے مستقبل کو کامیاب بنا سکیں، مذکورہ سیشن کے پہلے مرحلے میں مالمو انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ کو رہنمائی فراہم کی جائے گی اس کے بعد مرحلہ وار لیاری کے تمام طلبہ کو مذکورہ سیشن کی دعوت دی جائے گی۔

سویڈن سے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ زبیر حسین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسکینڈے نیویائی طرز تعلیم کو رائج کرنے کے لئے یہ بے حد ضروری ہے کہ کئیریر کاونسلنگ کے ذریعے طلبہ کی رہنمائی کی جائے، ان کے مطابق ’واو ‘ سیشن کئیریر کاونسلنگ کی ایک کڑی ہے کیونکہ جب ایک کٹھن جدوجہد کے بعد کامیابی پانے والے نوجوان اپنے سفر نامے کو موجودہ طالبعلموں کے سامنے رکھیں گے تو ان میں بھی آگے بڑھنے کی لگن اجاگر ہوگی جو کسی مشعل راہ سے کم نہیں ہوگا۔

’واو‘ سیشن کے پہلے مرحلے کا آغاز گزشتہ روز مالمو انٹرنیشنل اسکول کراچی میں ماہین بلوچ کی سربراہی میں ہوا۔ ماہین بلوچ جو سماجی طور پر پاکستان بھر میں اپنی مثال آپ ہیں انہوں نے طلبہ کو اپنی زندگی کے اب تک کے نشیب و فراز سے آگاہ کیا۔

ماہین کا مذکورہ پراجیکٹ کے حوالے سے کہنا ہے کہ بچے ہمیشہ قصے کہانیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ہمارے آبا و اجداد سے ہم نے یہ ہی سیکھا ہےکہ بچوں کی ذہن سازی کے لئے ضروری ہے کہ انہیں سبق آموز کہانیاں سنائی جائیں تاکہ ان میں زندگی گزارنے کے مقاصد کو اجاگر کیا جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً ہر دوسرا این جی او معاشرے کی فلاح کے لئے مختلف قسم کے ورکشاپس اور سیمنار منعقد کرتا ہے مگر اس سیشن کی منفرد بات یہ ہے کہ یہ خصوصی طور پر بچوں کی رہنمائی کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment