جڑانوالہ کی رہائشی حنا بشیر تعلیم کیلئے گزشتہ سال نومبر میں برطانیہ آئی
مقتولہ پڑھائی کےساتھ سیکیورٹی کی جاب بھی کرتی تھی
لندن(تارکین وطن نیوز) برطانوی دارالحکومت لندن میں 21سالہ پاکستانی طالبہ حنا بشیر کو قتل کر دیا گیا۔ حنا بشیر کی لاش ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی۔
جڑانوالہ کے نواحی گاؤں چک56گ ب کے رہائشی بشیر احمد ککے زئی کی بیٹی حنا بشیر تعلیم کیلئے گزشتہ سال نومبر میں برطانیہ گئی وہ پڑھائی کےساتھ سیکیورٹی کی جاب بھی کرتی تھی۔
ذرائع کے مطابق حنا بشیر 14 جولائی کو لاپتہ ہوئی اور 18 جولائی کو ایسٹ لندن میں پولیس کو سوٹ کیس میں بند لاش ملی۔
طالبہ کو قتل کرنے کے بعد لاش صندوق میں ڈال کر پھینک دی گئی تھی، پولیس نے 26 سالہ نوجوان ارسلان کوحراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا ہے۔
قتل کی وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں مقتولہ کے والدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بچی کی لاش کو پاکستان واپس لانے میں مدد فراہم کی جائے۔