اوورسیزپاکستانی ملک میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپورمدد کریں،سفیر پاکستان ڈاکٹرمحمد فیصل

برلن (تارکین وطن نیوز) جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہی کے لئے جرمنی بھر سے اہم فعال سیاسی و سماجی افراد کے ساتھ پاکستان ایمبیسی برلن میں اور ساتھ ساتھ آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں جرمنی بھر سے محب وطن پاکستانیوں کے علاوہ جرمنی میں مختلف یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے سلسلے آئے اسٹوڈنٹس تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں وطن عزیز میں ہونے والی آفات کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی دل و جان سے مدد کی ہے، چاہے وہ زلزلے کی صورت میں ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں، آج پھر ہمارا وطن عزیز بڑی مصیبت میں گھرا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہیں اور کھلے آسمان تلے ہماری مدد کے منتظر ہیں۔

اب تک 12سو سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں، لاکھوں مویشی ہلاک ،اسکولز، سڑکیں ،پل،بستیوں کی بستیاں سیلاب کی طغیانی میں بہہ گئی ہیں اور ابھی یہ سلسلہ رکا نہیں جاری ہے، یہ طوفانی ریلے سمندر تک پہنچنے میں نجانے اور کتنی قیامت ڈھائیں گے ،ہمیں اپنے سیاسی سماجی اختلافات سے بالا تر ہو کر ملک و قوم کی خدمت کرنا ہوگی،متاثرہ افراد کے لئے ہم سب کو ملکر دوائیاں، کپڑے ،خوراک،خیمے اور اشیائے خورد نوش کے لئے رقوم بھیجنا ہونگی۔

کانفرنس میں موجود کمیونٹی افراد نے سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یہ یقین دلایا کہ اس مشکل کی گھڑی میں وہ اپنے ملک اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انکی ہر ممکن مدد کریں گے ۔

کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف جرمنی کے سابق صدر طارق جاوید پاکستان پیپلز پارٹی برلن کے صدر منظور اعوان،جنرل سیکرٹری میاں اکمل لطیف،مسلم لیگ ن برلن کے جنرل سیکرٹری مرزا بشارت،منہاج القرآن و منہاج ویلفیئر یورپ کے سینئر نائب صدر عمران الحق، اسلامک تحریک برلن کے امیر و الخدمت برلن کے صدر خالد محمود، پاکستان جرمن پریس کلب کے چیئرمین ظہور احمد، فرینڈز آف کشمیر کے رہنما ناصر بٹ اور جسٹس ہیلپ لائن یورپ کے سفیر میاں مبین نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے لئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے امداد کا عملی مظاہرہ شروع کر دیا۔

Comments (0)
Add Comment